• عبادات >> صوم (روزہ )

    سوال نمبر: 168507

    عنوان: کیا لاعلمی والے روزوں کی قضا کرنابھی واجب ہے؟

    سوال: لاعلمی میں میرے حیض میں چھوٹے ہوئے روزوں کی تعداد کافی زیادہ ہے، اس کے علاوہ بھی بچے کی پیدائش کے وقت، کچھ بیماری کی وجہ سے مجھے کافی روزے چھوڑنا پڑا، الحمد للہ، اب میں نے اپنا قضا روز رکھنا شروع کرکیا ہے، پر ان کی تعداد 150ہے اور ان میں سے لاعلمی کی وجہ سے چھوٹے ہوئے روزے قریب 66ہیں ، میں نے اپنے تمام روزوں کا کفارہ دیدیاہے، پر کیا مجھ پر لاعلمی والے روزوں کی قضا کرنابھی واجب ہے؟

    جواب نمبر: 168507

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa : 492-418/D=06/1440

    حیض یا بیماری کی وجہ سے رمضان کے جو روزے چھوٹ گئے اندازہ سے حساب لگاکر ان کی قضا رکھ لیں اگر لگاتار نہ رکھ سکیں تو تھوڑے تھوڑے حسب فرصت و اطمینان رکھ لیا کریں۔ جب تک جسم میں روزہ رکھنے کی طاقت ہے فدیہ دینا کافی نہیں ۔

    لاعلمی سے مراد کیا ہے؟ آپ نے کفارہ کس طرح ادا کیا؟

    جو شخص ایسا بوڑھا اور سن رسیدہ ہوچکا کہ روزہ رکھنے کی قوت اس میں نہیں ہے نہ آئندہ طاقت پیدا ہونے کی امید ایسے شخص کے لئے حکم ہوتا ہے کہ ایک روزہ کی طرف سے صدقہ فطرہ کے برابر روپیہ یا غلہ دیدے۔ اسے فدیہ کہتے ہیں کفارہ نہیں۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند