• عبادات >> صلاة (نماز)

    سوال نمبر: 175566

    عنوان: فجر كی سنتوں كے بارے میں تفصیل سے بتائیے كہ جماعت شروع ہونے كے بعد پڑھی جاسكتی ہے یا نہیں؟ نیز اگر چھوٹ جائے تو كب پڑھے؟

    سوال: مجھے صبح کی سنت کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کردیجیے ۔ میں سنتیں اکثر وقت پر پڑھتاہوں ،لیکن کبھی کبھی جماعت کھڑی ہوتی ہے تو اکثر میں جماعت میں شامل ہوجاتا ہوں، پھر بعد میں پڑھتا ہوں یا رہ جاتی ہیں۔ 2 -اگر نماز بھی نہیں ملی تو کیا اس صورت میں سنت پہلے اور بعد میں فرض پڑھیں؟ 3۔ نیند کی غلبے کی وجہ سے اگر وقت بھی گزر جاے ، تو اس حالت میں نماز توقضا ہوگئی ابھی سنت بھی پڑھیں گے؟ 4۔ نماز قضا ہوگئی تو صرف دو رکعت فرض اور دو رکعت اشراق پڑھ لی ،کیا یہ ٹھیک ہے؟ ان سوالات کا تفصیلی جوابات مرحمت فرمائیں ۔عین نوازش ہوگی۔

    جواب نمبر: 175566

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa : 383-306/D=05/1441

    (۱) فجر کی جماعت کھڑی ہو جانے کی صورت میں بھی اگر سنت پڑھ کر قعدہ میں شامل ہو جانے کی امید ہو تو سنت پڑھ لیں چونکہ فجر کی سنت کے لئے بڑی تاکید آئی ہے اس لئے جماعت ملنے کی امید ہونے کی صورت میں سنت نہیں چھوڑنا چاہئے۔

    (۲) اگر فجر کی جماعت ہو چکے تو پہلے سنت پڑھیں پھر فرض ادا کریں۔

    (۳) فجر کی نماز قضا ہو جانے کی صورت میں زوال سے پہلے تک اگر ادا کریں تو سنت اور فرض دونوں کی قضا کریں۔

    (۴) اشراق پڑھنا چاہیں تو پڑھیں یہ علیحدہ نفل ہے لیکن فرض کے ساتھ سنت کی قضا بھی کریں۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند