• متفرقات >> دیگر

    سوال نمبر: 274

    عنوان:

    میری بیوی نے کچھ خواب دیکھے ہیں، ہمیں ان کی تعبیر کے سلسلے میں شبہات ہیں۔ براہ کرم، تعبیر سے مطلع فرمائیں۔

    سوال:

    میری بیوی نے کچھ خواب دیکھے ہیں، ہمیں ان کی تعبیر کے سلسلے میں شبہات ہیں۔ براہ کرم، تعبیر سے مطلع فرمائیں۔

     

    1- شادی کے صرف یک ہفتہ بعد اس نے دیکھا کہ کوئی اس سے کہہ رہا ہے کہ میرے کمرے میں آؤ ، تم میری بیوی ہو۔

     

    2- اس نے دیکھا کہ وہ وضو کررہی ہے اور اس کے قریب میں نجاست ہے۔

     

    3- اس نے دیکھا کہ اس کے دوپٹے میں آگ لگ گئی ہے

     

    ایک دن حقیقت میں (بحالت بیداری) ہم نے دیکھا کہ ہمارے بستر پر مٹی ہے۔مجھے شبہہ ہے کہ کسی نے جادو کیا ہے، لیکن مجھے یقین نہیں ہے اور کسی کے بارے میں بدگمانی بھی نہیں رکھنا چاہتا۔ براہ کرم، ان خوابوں کی تعبیر ارسال فرمائیں۔ نیز، شریعت کی روشنی میں جادو کے اثرات بد سے بچنے اور اپنی حفاظت کے لیے ہمیں کیا کرنا چاہیے؟ والسلام

    جواب نمبر: 274

    بسم الله الرحمن الرحيم

    (فتوى: 392/هـ=590/هـ) 

     

    1- یہ خواب نہیں بلکہ وسوسہٴ شیطانی ہے۔

     

    2- خواب میں تنبیہ ہے کہ دنیا میں اچھائی اور برائی قریب قریب ہی ہوتی ہیں، عقلمندی یہ ہے کہ اچھائی کو اختیار کرے اور برائی سے اجتناب کی فکر رکھے۔

     

    3- اس کی تعبیر یہ ہے کہ حفاظتِ نگہ اور حفاظتِ قلب میں کوتاہی ہے اس کی فکر رکھنا چاہیے۔ بہشتی زیور میں اس قسم کے مضامین کا مطالعہ اور کثرت سے سننا سنانا ان شاء اللہ بیحد مفید ہوگا۔ آپ دونوں میاں بیوی ہرنماز کے بعد آیة الکرسی اور سورہٴ فلق، سورہٴ ناس ایک ایک مرتبہ اور اول و آخر درود شریف تین تین مرتبہ پڑھنے کا اہتمام کرتے رہیں۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند