• متفرقات >> دیگر

    سوال نمبر: 260

    عنوان:

    گذشتہ جمعہ میں نے خواب میں دیکھا کہ میرے ماموں زاد بھائی کی گردن قصاص میں ماری جارہی ہے۔ مہربانی فرماکر تعبیر ارسال فرمائیں۔

    سوال:

    گذشتہ جمعہ میں نے خواب میں دیکھا کہ میرے ماموں زاد بھائی کی گردن قصاص میں ماری جارہی ہے۔ مہربانی فرماکر تعبیر ارسال فرمائیں۔ والسلام

    جواب نمبر: 260

    بسم الله الرحمن الرحيم

    (فتوى: 17/د=15/د)

     

    خواب کی تعبیر دینے کے لیے خواب دیکھنے والے اور اسی طرح جس کے بارے میں خواب دیکھا گیا ہے دونوں کے دینی و دنیوی احوال اورماحول کی تفصیلات معلوم ہونا ضروری ہے۔

     

    لیکن خواب کی تعبیر جاننے کی فکر میں پڑنا اچھا نہیں ہے کیونکہ خواب خود موٴثر بالذات نہیں ہوتا اور کبھی غلط تعبیر دیدینے کے برے نتائج ظاہر ہوتے ہیں۔ اس سلسلہ میں آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی واضح اور روشن ہدایات کو سامنے رکھنا چاہیے۔ ایک حدیث میں آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: جب تم سے کوئی خواب میں ناپسندیدہ بات دیکھے تو اس کے شر سے اور شیطان کے شر سے اللہ کی پناہ مانگے اور بائیں جانب تین مرتبہ تھُو تھُو کردے اور کسی سے بیان نہ کرے، ایسا کرنے سے خواب اس کے لیے نقصان کا باعث نہ بنے گا۔ (مشکوٰة، بخاری، مسلم)

     

    ایک دوسری روایت میں آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا کہ ایسا خواب کسی سے بیان نہ کرے اور نماز پڑھ کر استغفار کرے۔ (مشکوٰة، بخاری)

     

    تیسری روایت میں ہے آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس ایک شخص آیا اور کہا کہ میں نے خواب میں دیکھا ہے کہ میرا سرکاٹ دیا گیا، راوی کہتے ہیں کہ یہ سن کر آپ صلی اللہ علیہ وسلم ہنس پڑے اور فرمایا کہ جب شیطان خواب میں کسی سے کھیل کرے تو اسے کسی سے بیان نہ کرے۔ (مشکوٰة،مسلم)

     

    آپ استغفار کرکے دعا کریں اورتوجہ اُدھر سے ہٹالیں۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند