• متفرقات >> اسلامی نام

    سوال نمبر: 176226

    عنوان: شیخ مُقسط حسن نام كیسا ہے؟

    سوال: میرا بیٹا 25 دسمبر 2019کو پیدا ہوا، میں نے اس کا نام اللہ کے ناموں سے "مقسط" پسند کیا اس کیلیے اور مکمل نام شیخ مُقسط حسن رکھا مگر ہمارے ایک بزرگ کہتے ہیں کہ یہ نام اس کے لیے بھاری ہے تبدیل کر کے ر یا پھر ف سے نام رکھیں۔ میں ان باتوں کو نہیں مانتی مگر ڈرتی بھی ہوں کیوں کہ جب بھی وہ تھوڑا بیمار ہو مجھے سننا پڑتا ہے ۔ براہ کرم راہنمائی فرمائیں اور بذریعہ دلیل کوئی تسلی بھی دیں۔ شکریہ"

    جواب نمبر: 176226

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa : 450-371/D=06/1441

    ”المقسط“ کے معنی انصاف کرنے والا، یہ اللہ تعالی کے صفاتی ناموں میں سے ہے۔ اس کے ساتھ بچہ کا نام رکھنے کے لئے ”عبد“ کا شروع میں اضافہ کر دیا جائے اور ”عبد المقسط“نام رکھ دیا جائے۔ آپ کے یہاں ”شیخ“ لگانے کا بھی اگر عرف ہے تو ”شیخ عبد المقسط“ نام رکھ دیں، اور اگر آپ چاہیں تو پکارنے کے لئے چھوٹا نام ”حسن“ بھی رکھ دیں جس سے بچہ کو پکارا جائے اور اب پورا مجموعی نام ”شیخ عبد المقسط حسن“ ہوگیا۔

    اور اگر آپ ”عبد المقسط“ نام نہ رکھنا چاہیں تو صرف ”محمد حسن“ بھی رکھ سکتی ہیں۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند