• عقائد و ایمانیات >> اسلامی عقائد

    سوال نمبر: 169608

    عنوان: ہمیں کس کا احترام زیادہ کرنا چاہیے ، نبی کریم یا قرآن ؟ کیا ہم اللہ کی صفات کا حضور صلی اللہ علیہ وسلم سے زیادہ احترام کریں گے ؟

    سوال: ہمیں کس کا احترام زیادہ کرنا چاہیے ، نبی کریم یا قرآن ؟ کیا ہم اللہ کی صفات کا حضور صلی اللہ علیہ وسلم سے زیادہ احترام کریں گے ؟

    جواب نمبر: 169608

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa:825-820/L=9/1440

    یہ مسئلہ ضروریاتِ دین میں سے نہیں ہے اور نہ ہی ان مسائل میں سے ہے جن کے بارے میں آخرت میں سوال ہوگا اس طرح کے مسائل میں سکوت بہتر ہے ؛تاہم کفایت المفتی میں اسی طرح کے ایک سوال کے جواب میں حضرت تحریر فرماتے ہیں :“اگر قرآن مجید سے مراد کلام اللہ (کلام ِ نفسی) ہو جو حضرت حق جل شانہ کی صفت ہے تو اس کے افضل ہونے میں شبہ نہیں اور اگر قرآن مجید سے مراد مصحف یعنی قرآن مجید مطبوع یا مکتوب ہو تو آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کے افضل ہونے میں کو ئی شک نہیں۔”(کفایت المفتی:۱/۱۲۵) کیونکہ اس صورت میں یہ مخلوق ہے اور مخلوق میں آپ صلی اللہ علیہ وسلم سب سے افضل ہیں۔

    وعنہ - علیہ الصلاة والسلام - ”القرآن أحب إلی اللہ تعالی من السماوات والأرض ومن فیہن“(الدرالمختار) وفی حاشیتہ: (قولہ: ومن فیہن) ظاہرہ یعم النبی - صلی اللہ علیہ وسلم -، والمسألة ذات خلاف والأحوط الوقف (الدر المختار مع رد المحتار:1/322، قبیل باب المیاہ، ط: زکریا دیوبند) وفی السراجیة نبینا - صلی اللہ علیہ وسلم - أکرم الخلق وأفضلہم.(البحر الرائق 8/ 206، کتاب الکراہیة)


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند