• متفرقات >> سیر وجہاد

    سوال نمبر: 49965

    عنوان: حضور صلی اللہ علیہ وسلم کا شجرہٴ نسب کیا ہے؟ آپ سے لے کر آدم علیہ السلام تک سارا شجرہ نسب بتائیں۔

    سوال: حضور صلی اللہ علیہ وسلم کا شجرہٴ نسب کیا ہے؟ آپ سے لے کر آدم علیہ السلام تک سارا شجرہ نسب بتائیں۔

    جواب نمبر: 49965

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa ID: 245-46/B=2/1435-U ہمارے نبی اکرم محمد رسول اللہ صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم کا شجرہٴ نسب اور سلسلة الذہب تمام علماء وموٴرخین کے نزدیک آپ صلی اللہ علیہ وسلم سے لے کر عدنان تک متفق علیہ اور مسلم نسب ہے، اس میں کسی کا اختلاف نہیں ہے، البتہ عدنان کے بعد حضرت اسماعیل علیہ السلام تک کتنی پشتیں ہیں بعض موٴرخین تیس بتلاتے ہیں، اور بعض چالیس بتلاتے ہیں، لہٰذا عدنان کے بعد آپ صلی اللہ علیہ وسلم کا شجرہٴ نسب بیان نہیں کرنا چاہیے اور امام بخاری رحمہ اللہ نے بھی اپنی کتاب صحیح بخاری میں عدنان تک ہی ذکر فرمایا ہے، چنانچہ بخاری شریف میں ہے: باب مبعث النبي صلی اللہ علیہ وسلم محمد بن عبد اللہ بن عبد المطلب بن ھاشم بن عبد مناف بن قصي بن کلاب بن مرة بن کعب بن لؤي بن غالب بن فھر بن مالک بن النضر بن کنانة بن خزیمة بن مدرکة بن إلیاس بن مضر بن نزار بن معد بن عدنان (بخاری شریف: ج۱ ص۵۴۳۔ اور حضرت عبد اللہ بن عباس رضی اللہ عنہما سے مروی ہے کہ نبی کریم علیہ الصلاة والسلام جب اپنا نسب شریف بیان فرماتے تھے تو عدنان سے تجاوز نہ فرماتے، عدنان پر رک جاتے اور یہ فرماتے کہ کذب النسّابون (نسب والوں نے غلط کہا)۔ طبقات ابن سعد میں ہے کہ: عن ابن عباس أن النبي علیہ الصلاة والسلام کان إذا انتسب لم یجاوز في نسبہ معد بن عدنان بن أدد ثم یمسک ویقول کذب النسّابون․ الطبقات الکبری لابن سعد ج۱ ص۴۷ دار الکتب العلمیة بیروت۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند