• عقائد و ایمانیات >> حدیث و سنت

    سوال نمبر: 169560

    عنوان: طبرانی کی ایک حدیث كے بارے میں

    سوال: راقمِ سطور کے پیشِ نظر روزنامہ ”انقلاب“ ممبئی ایڈیشن کے 30 نومبر2018 ء کے شمارہ کا ایک مضمون ہے، جس کا عنوان ’ نماز میں صف بندی کے آداب‘ ہے۔ اس کے مصنف مفتی محمد نعیم صاحب ہیں۔اِس مضمون میں موصوف نے حدیث کی مشہور کتاب طبرانی کے حوالے سے ایک حدیث نقل کی ہے، جس کا متن یہ ہے ” حضرت ابنِ عباس  سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”جس شخص نے اس ڈر سے پہلی صف چھوڑدی کہ کہیں اس کی وجہ سے دوسرے آدمی کو تکلیف نہ پہنچ جائے تو اللہ تعالیٰ اسے دگنا ثواب عطا فرمائے گا“ (طبرانی)۔راقمِ سطور نے انقلاب کی آفس سے مفتی محمد نعیم صاحب کا پتہ یا رابطہ کا نمبر حاصل کرنے کی کوشش کی تا کہ اُن سے حدیث کا نمبر مل جائے، لیکن یہ جان کر مایوسی ہوئی کہ موصوف پاکستان کے رہنے والے ہیں۔ (اور موجودہ حالات میں ان سے رابطہ کرنا خطرہ سے خالی نہیں)۔اس لئے آپ سے عاجزانہ طور سے صرف اتنی درخواست ہے کہ برائے کرم اِس حدیث کے نمبرسے مطلع فرمادیں تاکہ انٹرنیٹ سے یہ حدیث ڈاوٴن لوڈ کر لی جائے۔اللہ تعالےٰ آپ کو اجرِ عظیم عطا فرمائے۔

    جواب نمبر: 169560

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa:692-588/sn=7/1440 یہ حدیث طبرانی کی معروف کتاب ”المعجم الأوسط“ میں ہے ، حدیث کا نمبر 537 ہے ، حدیث کے الفاظ یہ ہیں: عن ابن عباس...قال: قال رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم : من ترک الصف الأول مخافة أن یؤذي أحدا ، أضعف اللہ لہ أجرالصف الأول. حدیث نقل کرنے کے بعد مؤلف کتاب نے یہ تبصرہ بھی شامل کتاب کیاہے : لایروی ہذا الحدیث عن ابن عباس إلا بہذا الإسناد ، تفرد بہ ولید بن الفضل․ ]المعجم الأوسط 1/ 171) دار الحرمین القاہرة)


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند