• عقائد و ایمانیات >> حدیث و سنت

    سوال نمبر: 169504

    عنوان: کیا گدھے کی سواری کرنا سنت ہے؟

    سوال: جیسا کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم سے یہ ثابت ہے کہ آپ نے گدھے کی سواری کی ہے،کیا یہ آپ کی سنت ہوئی؟کیا گدھے کی سواری کرنا سنت ہوا؟ براہ کرم جواب مرحمت فرمائیں۔

    جواب نمبر: 169504

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa : 673-577/D=07/1440

    آپ صلی اللہ علیہ وسلم کا گدھے پر سواری کرنا متعدد احادیث سے ثابت ہے، البتہ سنت کی دو قسمیں ہیں۔ (۱) سنن ہدی ۔ (۲) سنن زوائد۔

    سنن ہدی: وہ ہے جس کو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے بطور عبادت کیا ہے، اور سنن زوائد وہ ہے جس کو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے بطور عادت کیا ہے، پس آپ صلی اللہ علیہ وسلم کا گدھے پر سواری کرنا سنن زوائد میں سے ہے، سنن ہدی میں سے نہیں ہے، اور عرب میں گدھے پر سواری کرنا کوئی عیب کی بات نہیں تھی، بڑی حیثیت کے حضرات اس پر سوار ہوتے تھے، جامعہ ازہر کے شیخ کی تنخواہ کے ساتھ ان کے گدھے کی تنخواہ بھی دی جاتی تھی، لیکن ہندوستان میں گدھے پر سواری کرنا معیوب سمجھا جاتا ہے، اگر کوئی سنت کی نیت سے گدھے پر سوار ہوگا، اور لوگ گدھے پر سوار ہونے کو حقارت کی نگاہ سے دیکھیں گے تو اس سنت کو حقیر سمجھنے والے کے سلب ایمان کا خطرہ ہے، پس ایسی صورت میں اس سنت پر عمل نہ کرنا بہتر ہے۔ السنة ماواظب النبی - علیہ السلام- علیہ مع الترک أحیاناً ، فإن کانت المواظبة المذکورة علی سبیل العبادة فسنن الہدی ، وإن کانت علی سبیل العادة فسنن الزوائد (شرح وقایة: ۱/۶۴، ط: دارالعلوم دیوبند) ، فتاوی محمودیہ: ۴/۴۹۲، ط: دارالمعارف دیوبند)


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند