• عقائد و ایمانیات >> حدیث و سنت

    سوال نمبر: 1286

    عنوان:

    بالوں کے سلسلے میں سنت نبوی کیا ہے؟ 

    سوال:

    بالوں کے طول کے سلسلے میں سنت نبوی کیا ہے؟ نبی صلی اللہ علیہ وسلم کے بالوں کی لمبائی زیادہ سے زیادہ کتنی تھی؟ براہ کرم، مجھے حدیث اور فقہ حنفی کی ایسی کتابوں کا حوالہ دیں جس میں نبی صلی اللہ علیہ وسلم کے بال کے طول کی تینوں حدیں بیان کی گئی ہوں۔

    جواب نمبر: 1286

    بسم الله الرحمن الرحيم

    فتوی: 902/ج=902/ج

     

    شمائل ترمذی باب ما جاء في شعر رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم میں حضور صلی اللہ علیہ وسلم کے بالوں کے متعلق جو روایتیں ذکر کی گئی ہیں، ان سے معلوم ہوتا ہے کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے سر کے بال بعض مرتبہ کانوں کی لو تک ہوتے تھے۔ بعض مرتبہ کانوں کی لو اور مونڈھوں کے درمیان ہوتے تھے، ارو بعض مرتبہ مونڈھوں تک ہوتے تھے۔ تفصیل کے لیے آپ شمائل اور اس کی شروحات کا مطالعہ کریں۔ حضور صلی اللہ علیہ وسلم کے سرکے بال کتنے لانبے تھے، یہ مضمون چونکہ شمائل نبوی سے متعلق ہے اور احادیث میں اسے صراحت کے ساتھ ذکر کیا گیا ہے، اور فقہ میں اس طرح کے مضامین عام طور پر ذکر نہیں کیے جاتے ہیں، کیونکہ اس کے موضوع بحث سے خارج ہیں اس لیے اس سلسلہ میں آپ کا فقہ حنفی کی کتابوں کا حوالہ طلب کرنا صحیح نہیں۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند