• متفرقات >> دعاء و استغفار

    سوال نمبر: 2386

    عنوان:

    نفسانی خواہشات کی وجہ سے مجھ سے میر ی زندگی کی سب سے بڑی ناقابل تلافی غلطی سر زد ہوگئی ہے۔ براہ کرم مجھے بتائیں کہ اس گناہ سے کیسے پاک ہوں؟

    سوال:

    میر ا تعلق ایک باعزت اسلا می گھر انے سے ہے اور بچپن ہی سے اسلامی احکام پر عمل کرتی ہو ں۔نفسانی خواہشات کی وجہ سے مجھ سے میر ی زندگی کی سب سیبڑی ناقابل تلافی غلطی سر زد ہوگئی ہے ۔ مجھے اپنے کئے پر شرمندگی ہے اور اپنے جرم کا مجھے احساس ہے کہ میرے والدین جب مجھ پر اتنا بھروسہ کرتے تھے تو میں نے ایسی غلطی کیسے کی۔ براہ کرم مجھے بتائیں کہ اس گناہ سے کیسے پاک ہوں؟

    جواب نمبر: 2386

    بسم الله الرحمن الرحيم

    (فتوی: 873/873=ج)

     

    حدیث میں آتا ہے کہ اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ تمام انسان (سوائے انبیائے کرام علیہم الصلاة والسلام کے) خطا کار ہیں، او ران میں بہترین خطاکار وہ ہیں جو (خطاوٴں سے) توبہ کرنے والے ہیں (مشکاة شریف: ص۴-۲) اور ایک دوسری حدیث میں ہے کہ اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ بندہ جب اپنے گناہ کا اعتراف کرکے اللہ کے سامنے اس گناہ سے توبہ کرتا ہے تو اللہ یقیناً اس کی توبہ قبول فرماتے ہیں۔ (مشکاة شریف: ص۲۰۳) اس لیے آپ اپنے اس گناہ کا کسی او رسے تذکرہ کیے بغیر مولائے کریم کے سامنے صدق دل سے توبہ کریں اور رو رو کر اور گڑگڑا کر اللہ سے اس گناہ کی معافی چأہیں اورآئندہ کبھی گناہ نہ کرنے کا عزم مصمم کریں تو ان شاء اللہ تعالیٰ آپ کے گناہ کو معاف فرمادیں گے اور آپ اس گناہ سے بالکل پاک و صاف ہوجائیں گی۔ اللہ آپ کے گناہ کو معاف فرمائے اور آپ کو اپنی مغفرت تامہ سے سرفراز فرمائے۔ آمین


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند