• متفرقات >> دعاء و استغفار

    سوال نمبر: 177130

    عنوان: مذكورہ علاج کا انوکھا طریقہ كیسا ہے؟

    سوال: محترم و مکرم مفتیان عظام میرا سوال یہ ہے کہ ہمارے ہاں حیدرآباد میں ایک عجیب و تشویش ناک طریقہ کار علاج چل پڑا ہے کہ اگر کسی کو پریشانی ہو آسیب و کالا جادو نیز کسی قسم کی جسمانی و شیطانی پریشانی لاحق ہو تو کہتے ہیں کہ عورتوں کی ایک جماعت (ٹیم)وہ آپ کے گھر آئے گی۔اور جب وہ آتی ہیں تو سب مل کر گھر میں بیٹھ کر اپنے اپنے پریشانیاں سناتیں(مثلا ان میں سے ایک عورت کہتی ہے کہ میری دختر پر جنات کا سایہ تھا وہ حمام میں جاکر بات کرتی تھی وغیرہ وغیرہ) ہیں اور کہتی ہیں کہ سب پریشانیاں ختم ہوجائیں گی اور گویا کہ حال یہاں تک پہنچ چکا کہ وہ تمام دکھ درد اور ناشکرانہ باتوں کی ریکارڈنگ کرکے کلپس بناکر رکھے ہوے ہیں اور جب پریشانی لاحق ہوتی ہے تو سیدھا وہ پریشانی واقعات سے بھری کلپ سننا شروع کرتے ہیں پھر چند ریکارڈنگ سننے کے بعد وہ لوگ میموری کارڈ میں باضابطہ ان پریشانی بھرے ریکارڈنگ کے البم دیتے ہے کہ یہ سنو اور یہ آیت پڑھو پھر جب یہ فولڈر ہو جائے تو آگے کی آیت دیتے ہیں اور کہتے ہیں کہ ہمارے گروپ میں شامل ہو جاؤ وغیرہ وغیرہ۔ اب سوال یہ ہے کیا ایسے کلپس سننا جس میں اپنے اپنے پریشانیاں و دکھ درد بھری آڈیو ہو علاج کے لئے سننا کیسا ہے؟ کیوں کہ اپنے اپنے پریشانیاں رنج و غم کی واقعات سنانا یہ اللہ تعالی کی نافرمانی و ناشکری ہے جہاں تک میری معلومات ہے۔ اور یہ کس قسم کی گمراہی ہے؟ کہ کوئی پریشانی آئے تو بجائے نماز و صبر سے کام لینے کہ اپنے اپنے دکھڑے سنانا کیا ایسا علاج شرعی اعتبار سے درست ہے؟ یا یہ ایک قسم کی کوئی گمراہی ہے ؟ جواب عنایت فرمائیں اور شکریہ ادا کرنے کا موقع دیں۔ جزاکم اللہ خیرا و احسن الجزاء الی یوم الجزاء

    جواب نمبر: 177130

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa : 658-609/M=07/1441

    مصائب و پریشانی کے وقت صبر و نماز کے ذریعہ اللہ تعالی کی مدد طلب کرنا اعلیٰ بات ہے۔ جادو و آسیبی اثرات سے نجات پانے کے لئے اللہ تعالی ہی سے شفاء کی امید رکھتے ہوئے سبب کے طور پر جائز رقیہ و علاج کرنے میں بھی مضایقہ نہیں، لیکن سوال میں مذکور طریقہٴ علاج کی بعض باتیں واضح نہیں ہے مثلاً سوال میں ہے کہ․ ․․․․․․․․ وہ تمام دُکھ دَرد اور ناشکرانہ باتوں کی ریکارڈنگ کرکے کلپس بناکر رکھے ہوئے ہیں اور جب پریشانی لاحق ہوتی ہے تو سیدھا وہ پریشانی واقعات سے بھری کلپ سننا شروع کرتے ہیں․ ․․․․․“ تو اس میں یہ واضح نہیں ہے کہ یہ علاج کرنے والے (عامل) ایسا کرتے ہیں یا جو لوگ علاج کراتے ہیں وہ سننا شروع کردیتے ہیں؟ بہرحال فاعل جو بھی ہوں سوال میں مذکورہ طریقہ علاج خرابیوں پر مشتمل ہے اس سے بچنا چاہئے۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند