• متفرقات >> دعاء و استغفار

    سوال نمبر: 176916

    عنوان: میاں بیوی کے درمیان محبت پیدا كرنے كی دعا بتائیں

    سوال: میں آپ علماء کرام سے ایک مسئلے پر بات کرنا چاہتا ہوں، وہ یہ کہ ہم میاں بیوی کی شادی ہمارے والدین کی مرضی سے ہوئی تھی ، ہماری شادی ہمارے والدین کی مرضی سے ہوئی تھی اور ہم دونوں سے بات سے مطمئن بھی ہیں ، اور اللّٰہ پاک نے جو کیا اس پر ہم دونوں بہت خوش ہیں ، مگر مجھے ایک مسئلہ درپیش ہے وہ یہ کہ کبھی کبھی میں اپنی بیوی سے کافی غصے میں الٹی سیدھی باتیں کر دیتا ہوں، جو کہ اسے لگتا ہے کہ میں اس پر شک کر رہا ہوں مگر ایسا بلکل بھی نہیں میں اپنی بیوی سے بہت محبت کرتا ہوں ہماری شادی کو تقریباً دو ماہ ہو چکے ہیں اور اس دوران تین چار مرتبہ میں جھگڑا کر چکا ہوں اور جھگڑے کی کوئی وجہ بھی نہیں ہوتی، چھگڑے کے چند گھنٹوں بعد مجھے احساس ہوتا ہے کہ میں نے بہت غلط کیا مگر میں کیا کروں مجھے کچھ سمجھ نہیں آتا کہ ایسا میرے ساتھ کیوں ہوتا ہے، حالانکہ میں نہ تو شک کرتا ہوں اور نہ کروں گا مگر مجھے کچھ ہو جاتا ہے اور میں کچھ ایسا کہ دیتا ہوں جس سے میری بیوی کو شدید تکلیف ہوتی ہے، مہربانی فرما کر کچھ ایسا حل تلاش کر کے دیں جس سے ہم دونوں کے درمیان شدید محبت پیدا ہو جائے اور اپنی بیوی کو یہ یقین دلایا سکوں کہ میں اس سے کرنی محبت کرتا ہوں۔ براہ کرم، جواب دیں ۔

    جواب نمبر: 176916

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa : 577-457/B=07/1441

    ذرا ذراسی بات پر غصہ کرنا اور بیوی سے لڑائی جھگڑا کرنا بے دینی اور بے عقلی و دماغی کمزوری اور بے صبری کی دلیل ہے۔ غصہ آئے تو اسے حتی الامکان پی جانا چاہئے۔ غصہ کا اظہار اپنی زبان سے یا ہاتھ پاوٴں سے نہ ہونا چاہئے، یہی قرآن و حدیث کی تعلیم ہے۔ جب غصہ آئے تو وَالْکَاظِمِیْنَ الْغَیْظَ وَالْعَافِیْنَ عَنِ النَّاسِ کثرت سے پڑھیں، ان شاء اللہ غصہ ہرن ہو جائے گا۔ حدیث شریف میں آیا ہے کہ کامل ایمان والا وہ شخص ہے جو اپنی بیوی کے ساتھ اچھے اخلاق سے پیش آئے۔ آپ درود شریف کا وِرد کثرت سے رکھیں اور مذکورہ آیت بھی پڑھتے رہیں ان شاء اللہ آپ کا غصہ آہستہ آہستہ کم جائے گا۔ اور وَاَلْقَیْتُ عَلَیْکَ مَحَبَّةً مِنِّیْ بھی کثرت سے پڑھتے رہیں آپ دونوں کے درمیان محبت پیدا ہو جائے گی۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند