• متفرقات >> دعاء و استغفار

    سوال نمبر: 171644

    عنوان: دعا کیسے مانگی جائے؟ اس كا طریقہ كیا ہے؟

    سوال: دعا کیسے مانگی جائے؟ دعا مانگنے کا طریقہ کیا ہے؟

    جواب نمبر: 171644

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa:991-824/sn=11/1440

    دعا کے وقت آدمی کو چاہیے کہ پاک صاف ہو اور قبلہ رو دو زانوبیٹھ کر عاجزی کے ساتھ سرّاًدعا مانگے، اہم چیز کی دعا سے پہلے کوئی نیک عمل مثلا صدقہ وغیرہ کرے اور دعا میں اس کا اس طرح ذکر کرے کہ اے اللہ! میں نے محض آپ کی رضا کے لیے فلاں نیک عمل کیا ہے، آپ اس کی برکت سے میری دعا قبول فرمالیجیے ، دعا کی ابتدا وانتہا اللہ تعالی کی حمد وثنا اور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم پر درود سے کرے۔ دعا اخلاص کے ساتھ کرے یعنی دل میں یہ یقین ہوکہ اللہ تعالی کے علاوہ کوئی ہمارا مقصد پورا نہیں کرسکتا۔ دعا کے وقت دونوں ہاتھوں کو مونڈھوں تک اٹھانا بھی مستحب ہے، ان کے علاوہ دعا کے اور بھی بہت سے آداب ہیں، جوجواہر الفقہ(2/242،ط: زکریا) وغیرہ میں دیکھے جا سکتے ہیں ، اگر ان آداب کی رعایت کے ساتھ دعا کی جائے تو قبولیت کی زیادہ امید رہتی ہے۔ واضح رہے کہ کھانے ،پینے، پہننے اور کمانے میں حرام سے بچنے کابھی قبولیتِ دعا میں بڑا دخل ہے، ایک حدیث میں ہے کہ اللہ تعالی حرام کھانے والے ،حرام پہننے والے اور حرام پر پرورش پانے والے کی دعا قبول نہیں کرتا؛ اس لیے ایک مسلمان کو چاہیے کہ حرام سے بالکلیہ احتراز کرے۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند