• متفرقات >> دعاء و استغفار

    سوال نمبر: 169220

    عنوان: کیا کسی کام میں کامیاب ہونے اور بیماری سے شفا پانے کے لیے سورة مزمل کو کچھ خاص مقدار میں پڑھا جاسكتا ہے؟

    سوال: (۱) کیا کسی کام میں کامیاب ہونے اور بیماری سے شفا پانے کے لیے سورة مزمل کو کچھ خاص مقدار میں پڑھنا جائز ہے؟ (۲) کیا کسی حافظ یا عالم کے ذریعہ دیاگیا تعویذ پہننا جائز ہے؟ (۳) کسی کے انتقال پر چنا یا ایسی کوئی چیز پر کلمہ پڑھنا یا کوئی اور سورة پڑھنا اسلام میں جائز ہے یا نہیں؟

    جواب نمبر: 169220

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa : 740-612/B=07/1440

    (۱) کوئی خاص مقدار منقول نہیں ہے، ایک مرتبہ بھی پڑھ لینا کافی ہے، کسی کام میں کامیابی کے لئے سورہٴ یٰسین ایک مرتبہ صبح اور مالی پریشانیوں کے لئے سورہٴ مزمل ایک بار پڑھ لیا کریں۔ اور بیماری سے شفاء کے لئے سورہٴ الم نشرح پڑھ لیا کریں۔

    (۲) اگر اس تعویذ میں قرآنی آیات یا احادیث کے الفاظ ہیں، تعویذ دینے والے حافظ صاحب صحیح العقیدہ ہوں اور تعویذ لینے والا بھی صحیح العقیدہ ہو یعنی دونوں اللہ ہی کو موٴثر بالذات سمجھتے ہوں، تعویذ کو موٴثر نہ سمجھتے ہوں تو ایسے تعویذ کا پہننا درست ہے۔

    (۳) کسی کے انتقال پر چنے کا پڑھنا ایک رواجی اَمر بن گیا، مرنے والوں کے لئے ہمیشہ ہر روز ، دعاء مغفرت کرنا اور قرآن کا کچھ حصہ پڑھ کر کم از کم ۱۱/ مرتبہ قل ہو اللہ أحد کی سورہ پڑھ کر ایصال ثواب کرنا بہتر ہے۔ تاکہ ان کی روحیں خوش رہیں۔ صرف ایک روز پڑھ کر زندگی بھر کے لئے چھٹی لے لینا درست نہیں ہے۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند