• عبادات >> احکام میت

    سوال نمبر: 177758

    عنوان: جوتا پہنے ہوئے ہونے كی صورت میں نماز جنازہ پڑھنا؟

    سوال: آج تک میں نے جتنے بھی نماز جنازہ پڑھی سبھی میں امام صاحب کہا کرتے تھے کہ اپنا جوتا چپل کھول کر ہٹا لیں اس پر کھڑے بھی نہ رہیں لیکن ابھی چند دنوں پہلے گاؤں میں ہی ایک نماز جنازہ کے دوران امام صاحب نے کہا کہ جن کا جوتا چپل پاک ہے وہ پاؤں سے کھول کر اسی پر (جوتا چپل) پر کھڑے ہوکر نماز جنازہ پڑھ سکتے ہیں چونکہ اس دن بارش ہوئی تھی اور جہاں نماز جنازہ ہو رہی تھی وہاں پر کیچڑ بھی تھا تو کچھ لوگوں نے اپنے اپنے جوتا چپل پر ہی کھڑے ہو کر نماز ادا کیا۔ اب میں یہ پوچھنا چاہتا ہوں کہ ہم کس طرح اپنے جوتا چپل کے پاک صاف ہونے کا تعین کر سکتے ہیں؟ اگر ہم جوتا چپل پر کھڑے ہو کر نماز ادا کر سکتے ہیں تو اسے پہن کر کیوں نہیں؟ دونوں ہی صورت میں وہ ہماری پیروں کے نیچے ہی رہتی ہے ان سوالوں کے جواب دیکر شکریہ کا موقع عنایت فرمائیں۔

    جواب نمبر: 177758

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa : 716-577/D=08/1441

    جوتا پہنے ہوئے ہونے کی صورت میں جوتے کا اوپری حصہ اور تلہ دونوں کا پاک ہونا ضروری ہے اس کی حیثیت کپڑے پہنے ہوئے ہونے کی ہے کہ پورا کپڑا پاک ہونا چاہئے۔

    اور اگر جنازہ کی نماز کے وقت پیر جوتے کے اوپر رکھ لیا تو صرف اوپری حصے کا پاک ہونا ضروری ہے جیسے کہ جائے نماز اگر ناپاک جگہ پر بھی بچھا لی گئی تو صرف جائے نماز کا پاک ہونا کافی ہے۔

    ولو افترش نعلیہ وقام علیہما جاز فلا یضر نجاسة ما تحتہما لکن لا بد من طہارة علیہ مما یلی الرجل لا مما یلی الارض حاشیة الطحطاوی علی المراقی ۔ ص: ۵۲۸۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند