• عقائد و ایمانیات >> دعوت و تبلیغ

    سوال نمبر: 67161

    عنوان: عالم کا جماعت میں سال لگانا کیسا ہے ؟

    سوال: عالم کا جماعت میں سال لگانا کیسا ہے ؟

    جواب نمبر: 67161

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa ID: 880-868/B=12/1437 عالم کا کام تفسیر و حدیث کی تعلیم و تدریس، امت کی ضروریات کے پیش نظر فتاوی نویسی کے ذریعہ ان کی رہبری، زندگی کے مختلف شعبوں سے متعلق ان کو مسائل بتانا لوگوں کے بگڑے ہوئے عقائد کو درست کرنا، فرق ضالّہ اور فرق باطلہ کے حملوں سے اسلام اور مسلمانوں کو بچانا، عبادات ، اخلاق اور معاملات میں بگاڑ کی وجہ سے قدم قدم پر ان کی رہنمائی کرنا، طرح طرح کے اٹھنے والے آئے دن کے فتنوں کو دبانا، امت کے گھریلو مسائل، سماجی اور سیاسی مسائل کو دیکھنا اور قرآن و حدیث کی روشنی میں ان کو ہدایت دینا، اس طرح کے بہت سے امو رہیں جو جماعت میں جانے اور سال لگانے سے کہیں زیادہ اہم ہیں، یہ سب دین کے اہم کام ہیں، انہیں چھوڑ کر غیر اہم کام میں یعنی جماعت میں سال لگانا عالم کے لیے مناسب نہیں۔ تاہم اگر کوئی عالم فارغ البال ہے اپنی خوشی سے جماعت میں ایک سال کے لیے جانا چاہتا ہے تو جاسکتا ہے لیکن عالم کے لیے سال لگانے کو ضروری قرار دینا، جو عالم جماعت میں سال نہ لگائے اسے امام نہ بنانا، مدرس نہ رکھنا، یا مدرسی اور امامت سے انہیں ہٹا دینا، یہ سب غلو کی باتیں ہیں ، دین میں غلو اختیار کرنے سے قرآن پاک میں ممانعت آئی ہے۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند