• Miscellaneous >> Dua (Supplications)

    Question ID: 58448Country: Pakistan

    Title: میں اللہ اور اس کے نبی سے اپنی وسعت کے مطابق محبت کرنا چاہتی ہوں۔

    Question: میرے ذہن میں نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم اور اللہ تبارک و تعالی نیز تمام مذہبی شخصیات کے بارے میں بہت ہی گندے خیالات آتے ہیں، اور یہ بہت ہی خراب الفاظ ہوتے ہیں۔ مثال کے طور پر جب میں مذہب ، اللہ اور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے بارے میں سوچتی ہوں اچانک میرے ذہن میں بہت ہی گندے گندے الفاظ آنے لگتے ہیں اور نہیں جانتی ہوں کہ کیا کروں۔ میں اللہ اور اس کے نبی سے اپنی وسعت کے مطابق محبت کرنا چاہتی ہوں۔ میں حتی کہ یہ بھی نہیں فیصلہ کرپاتی ہوں کہ آیا یہ میرے خیالات ہیں یا وسوسہ ہے۔ کبھی کبھی میں بہت ہی کمزوری اور ڈیپریشن میں رہتی ہوں لیکن اگلے دن معمول پر آجاتی ہوں۔ میرا خیال ہے کہ میں اپنے جنت میں جانے کے مواقع کو خراب کرچکی ہوں۔ یہ خیالات اتنے گندے ہوتے ہیں کہ کوئی مسلمان ان کا تصور بھی نہیں کرسکتا ہے۔ براہ کرم میری مدد کریں۔

    Answer ID: 58448

    Bismillah hir-Rahman nir-Rahim !

    Fatwa ID: 313-27/Sn=6/1436-U یہ سب وساوس ہیں، ان کی طرف بالکل دھیان نہ دیں اور ساتھ ساتھ ا ستغفار وذکر کی کثرت کریں، دفع وساوس کا یہی بہترین علاج ہے، حضرت تھانوی رحمہ اللہ ”مسائل تصوف“ میں وسوسہ کے علاج پر احادیث سے استدلال کرتے ہوئے تحریر فرماتے ہیں: حاصل سب کا توجہ الی اللہ وترکِ التفات الی الوسوسہ ہے الخ (ص: ۱۷۸، اتحاد) ایک دوسری جگہ ہے: اس حدیث میں علاج ہے وسوسہ کا کثرت ِ ذکر سے ارو اس کی وجہ عقلاً بھی ظاہر ہے؛ کیوں کہ مسئلہ عقلیہ مسلمہ ہے کہ نفس ایک آن میں دو طرف توجہ نہیں کرسکتا، جب ذکر میں مشغول ہوگا ظاہر ہے کہ وساوس غیرذکر میں منقع ہوجاویں گے الخ (مسائل تصوف، ص: ۱۱۵، ط: مکتبہ اتحاد) اس طرح کے خیالات سے پریشان ہونے کی ضرورت نہیں، حضراتِ صحابہٴ کرام کو بھی اس طرح کے خیالات آتے تھے، ایک مرتبہ صحابہ نے اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم سے شکایت کرتے ہوئے فرمایا: ہمارے دل میں ایسے خیالات آتے ہیں جس کا زبان پر لانا ہم بہت بڑی بات سمجھتے ہیں، تو اس پر آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: یہ بات تو صاف ایمان کی دلیل ہے، إنا نجد في أنفسنا ما یتعاظم أحدنا أن یتکلّم بہ، قال: أو قد وجتموہ؟ قالوا: نعم، قال: ذاک صریح الإیمان (مشکاة، ص: ۱۸) خلاصہ یہ ہوا کہ شیطان وساوس کے ذریعے ہرصاحبِ ایمان کو پریشان کرکے اس کے ایمان کو غارت کرنا چاہتا ہے؛ اس لیے کثرت سے استغفار پڑھیں، ذکر کریں اور وساوس کی طرف التفات نہ کریں، اگر قرب وجواب میں کوئی متبعِ سنت شیخ ہوں تو ان سے حال بتاکر علاج معلوم کرلیں تو بہتر ہے۔

    Allah (Subhana Wa Ta'ala) knows Best

    Darul Ifta,

    Darul Uloom Deoband, India