• عبادات >> زکاة و صدقات

    سوال نمبر: 149054

    عنوان: ظاہری حالات کے لحاظ سے غریب کو زکاة دینا کیسا ہے؟

    سوال: کیا فرماتے ہیں علماء کرام اس مسئلہ کے بارے میں کہ اگر ایک آدمی غریب ہے بیمار ہے کام کاج بہت تھوڑا ہے ۔اس کی چار بچیاں ہیں۔ کمائی کا ذریعہ بہت کم ہے ۔ اب یہ نہیں پتا کہ اس کے گھر میں کتنا سونا ہے ۔ کتنی چاندی ہے ۔یا اس کے پاس کتنا روپیہ ہے یا پھر سامان گھر کا کتنا ہے ۔ ظاہری حالات تو ان کے یہی بتا رہے ہیں کہ یہ غریب ہیں اور گذارا مشکل ہے ۔ آیا کہ اس آدمی کو زکوة دی جاسکتی ہے کہ نہیں؟

    جواب نمبر: 149054

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa ID: 462-374/D=6/1438

    گھر میں سونا، چاندی، نقد روپئے روز مرہ کی استعمالی (ضروریات) سے زاید چیزیں سب ملاکر اگر (۶۱۲) چھ سو بارہ گرام چاندی کی قیمت کے برابر یا اس سے زائد ہوگئیں تو ایسے شخص کے لیے زکاة کی رقم لینا جائز نہیں نہ ہی اسے زکاة دینے سے زکاة ادا ہوگی۔ لہٰذا اس کی املاک کے بارے میں اطمینان کرلینا ضروری ہے۔

    البتہ سونا چاندی اگر عورت کی ملکیت میں ہوئی اور مرد کے پاس ایسی چیزیں نہیں ہیں جن سے اسے زکاة دینا منع نہ ہو تو مرد کو زکاة دے سکتے ہیں۔

    اسی طرح اگر عورت ایسی ہے کہ زکاة دینا منع نہ ہو تو عورت کو زکاة دے سکتے ہیں۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند