عقائد و ایمانیات - ادیان و مذاہب

Pakistan

سوال # 7155

اسلام میں برتھ ڈے کی تقریب منانے کی ممانعت سے متعلق میں نے آپ کا فتوی پڑھا۔مگر آپ کے فتووں میں کوئی حوالہ یا تاریخ مذکورنہیں ہے۔ میرے لیے تو یہ موضوع واضح ہے مگر میرا ایک شیعہ دوست ہے جس نے فقہ بھی پڑھا ہے اس کا کہنا ہے کہ اگرذیل میں مذکور سوالوں کے جواب دے دو تو میں بھی برتھ ڈے منانا چھوڑ دوں گا: برتھ ڈے (یوم پیدائش) کی تاریخی تفصیل۔ مشابہت کی شرعی تعریف۔ غیر مسلم کی کون سی مشابہت جائز ہے اورکون سی ناجائز؟ اس کی تعریف کرنے کا معیار کیا ہے؟ کیوں کہ ہم غیر مسلموں کے جہاز پر سفر کرتے ہیں ان کی بنائی ہوئی چیزیں استعمال کرتے ہیں،تو یہ کیوں نہیں مشابہت میںآ تا اور ناجائز ہوجاتاہے؟ غیر مسلم کی مشابہت کی ممانعت سے متعلق قرآن و سنت سے دلائل (خاص طور پر برتھ ڈے کے بارے میں)۔ اپنی محدود معلومات اور سمجھ کی وجہ سے میں صحیح طریقہ پر ان سوالات کے جوابات نہیں دے سکتا ہوں۔ برائے کرم اپنے جوابات حوالہ کے ساتھ عنایت فرماویں۔کون سی کتاب اورویب سائٹ میں مکمل تفصیل اور بیان موجود ہے مجھے اس کے بارے میں بتائیں۔میں اس کوخریدلوں گا۔

Published on: Sep 2, 2008

جواب # 7155

بسم الله الرحمن الرحيم

فتوی: 1429=1345/ د


 

غیروں کے مذہبی طور طریقوں کو اختیار کرنا یا ان کے خصوصی شعار کو اپنانا حرام ہے، ان کے دیگر رسوم وعادات کو اپنانا مکروہ ہے، من تشبہ بقوم فہو منہم (الحدیث) برتھ ڈے عیسیٰ علیہ السلام کی یوم پیدائش مانے کا اہتمام بطور مذہبی طریقے کے ہے اور دیگر لوگوں کے لیے اپنا برتھ ڈے منانے کا رواج عیسائیوں (غیروں) کا شعار ہے، ان دونوں سے مسلمانوں کو احتراز کرنا لازم ہے۔ عام روز مرہ کے استعمال کی چیزوں میں مشابہت (تشبہ) نہیں ہوتا۔ آپ کے شیعہ دوست نے کونسی فقہ پڑھی ہے؟ قرآن کریم کی حقانیت، صحابہٴ کرام کی عظمت، اور اسلام کے عقائد صحیحہ صریحہ کے بارے میں وہ اپنی اصلاح نہ کرسکے، برتھ ڈے کے سلسلہ میں وہ اپنی اصلاح کیا کریں گے۔ اور کربھی لیں تو ان کو کیا فائدہ پہنچے گا۔ جب کہ مذکورہ تینوں بنیادی امور سے متعلق فساد و بگاڑ رگ وریشہ میں سرایت کیے ہوئے ہے، ان کو چاہیے کہ الأہم فالأہم پر عمل کریں۔

واللہ تعالیٰ اعلم


دارالافتاء،
دارالعلوم دیوبند

اس موضوع سے متعلق دیگر سوالات