• معاشرت >> عورتوں کے مسائل

    سوال نمبر: 15256

    عنوان:

     عورت عدت کس طرح گزارے؟ عدت کا وقت گزرنے کے بعد اسے کس طرح رہنا ہوگا؟

    سوال:

     عورت عدت کس طرح گزارے؟ عدت کا وقت گزرنے کے بعد اسے کس طرح رہنا ہوگا؟

    جواب نمبر: 15256

    بسم الله الرحمن الرحيم

    فتوی: 1523=1251/1430/د

     

    (۱) عدت طلاق کی ہے یا موت کی؟ طلاق میں طلاق رجعی کی ہے یا بائنہ کی؟ ہرایک کے احکام جدا جدا ہیں، مختصر یہ کہ طلاق رجعی میں عورت شوہر کے گھر ہی میں عدت گذارے گی، یعنی کہیں آنے جانے سے پرہیز کرے گی، شوہر سے پردہ کرنے کی ضرورت نہیں ہے، بلکہ اس کے لیے زیب وزینت بھی اختیار کرسکتی ہے، بلکہ کرنا مستحب ہے، تاکہ شوہر رجعت پرآمادہ ہوجائے۔

    (۲) طلاق بائنہ میں شوہر سے مکمل پردہ کرے گی، زیب وزینت بالکل اختیار نہیں کرے گی، سادہ طریقہ پر بدون بناوٴ سنگار کے رہے گی (ریشمی لباس زیور نہ پہنے، خوشبو لگائے) کہیں آنے جانے سے بلکہ گھر سے باہر نکلنے سے بالکلیہ پرہیز کرے گی۔

    (۳) عدت وفات اسی مکان میں گذارے گی جس میں موت سے قبل شوہر کے ساتھ ر ہتی تھی، نامحرموں سے بالکلیہ پردہ کرے گی، کہیں آنے جانے سے احتراز کرے گی، بناوٴ سنگار بالکل نہیں کرے گی، بلکہ سادہ طریقہ پر رہے گی (ریشمی یا پھولدار کپڑے یا زیور نہ پہنے، خوشبو نہ لگائے) عدت کے دوران کسی دوسرے مرد سے نہ نکاح کرسکتی ہے نہ ہی نکاح کی بات چیت کرسکتی ہے، حرام ہے۔

    (۲) عدت گذرجانے کے بعد وہ عام بیوہ یا مطلقہ عورتوں کی طرح رہے، یعنی نامحرموں سے پردہ کا اہتمام کرے، بوقت ضرورت محرموں کے سامنے (باپ، بھائی وغیرہ) خوشنما لباس یا زیور وغیرہ پہن سکتی ہے، عقد ثانی کا انتظام ہوجائے تو عقد ثانی کرلے۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند