• معاشرت >> عورتوں کے مسائل

    سوال نمبر: 150748

    عنوان: كیا عورت اپنے خاوند سے طلاق مانگ سكتی ہے؟

    سوال: اس مسئلہ کے بارے میں کہ میری شادی کو پندرہ 15/سال گذر چکے ہیں اور اس وقت میرے تین 3/بچے ہیں میرا بڑا بیٹا تیرہ 13/سال کا ہے اور باقی دو بیٹیاں اس سے بھی چھوٹی ہیں ۔ میرا خاوند گذشتہ چار 4/سال سے قتل کے مقدمے کی وجہ سے جیل بند ہے اور پچھلے چھ6/ماہ سے جج صاحب نے سزائے موت کا حکم سنا دیا ہے ۔ لیکن میرے سسرال والوں نے اپیل کی ہوئی ہے جس کی وجہ سے ابھی تک پھانسی نہیں ہوئی۔ میں ایک اسکول ٹیچر ہوں میری کل تنخواہ پانچ ہزار 5000/روپے ماہوار ہے ۔ میرے تینوں بچے اسکول میں پڑھ رہے ہیں بچوں کی تمام تر ذمہ داریاں اور گھر کے تمام اخرجات میں خود ہی پورے کرتی ہوں ۔ میرا اپنا ذاتی گھر نہیں ہے میں اس وقت اپنے ایک بھائی کے گھر رہتی ہوں، جو بات بات پر مجھے ڈانٹا ہے اور گھر فارغ کرنے کی دھمکی بھی دیتا رہتا ہے ۔22کنال رقبہ اور دس10/تولہ سونا جوکہ مجھے حق مہر میں ملا تھا سونا میرے قبضہ میں ہے اوررقبہ پر میرے سسرال والوں کا قبصہ ہے اور مانگنے پر وہ ٹال مٹول کرتے رہتے ہیں ۔ میرے سسرال والے مجھے صرف سالانہ دس10/من گندم دیتے ہیں ۔اس کے علاوہ میرے سسرال اور میرے میکے والے میری کوئی مالی مدد نہیں کرتے اور ایک اچھا زمیندار ہونے کے باوجود میرے ساتھ انتہائی گھٹیا سلوک کرتے ہیں اپنے تمام حالات پر روشنی ڈالنے کے بعد کچھ باتین پوچھنا چاہوں گی شریعت کی رو سے ؛ ۱) ان تمام حالات میں گھر کے اخرجات اور گھر بنانے کی ذمہ داری کس پر عائد ہوتی ہے ؟ ۲) کیا ان حالات میں ،میں اپنے خاوند سے طلاق مانگ سکتی ہوں ؟ ۳) اگر طلاق مانگنے پر وہ طلاق نہ دے تو کوئی اور صورت ہے جدا ہونے کی ؟

    جواب نمبر: 150748

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa: 975-1033/M=8/1438

    (۱،۲) بیوی بچوں کے نان ونفقہ اور ان کے لیے سُکنی (رہائش ) کا نظم کرنا شوہر کے ذمہ ہے، صورت مسئولہ میں اگر شوہر کی جیل سے رہائی متوقع ہو تو آپ صبر وہمت سے کام لے کر شوہر کی رہائی کا انتظار کرلیں اور اگر رہائی دشوار ہو اور آپ کے طویل مدت تک انتظار کرنے میں نفقہ وسکنی کی پریشانی کے علاوہ ابتلائے معصیت کا بھی اندیشہ ہو تو ایسی ناگزیر صورت میں شوہر سے طلاق کا مطالبہ کرسکتی ہیں۔

    (۳) اس صورت میں مقامی یا قریبی شرعی عدالت سے رجوع کرنا چاہیے۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند