• عقائد و ایمانیات >> قرآن کریم

    سوال نمبر: 69764

    عنوان: کمپیوٹر وغیرہ سے قرآن سننے پر ثواب ملے گا یا نہیں؟

    سوال: اگر میں غور سے پورا قرآن یا اس کا کچھ حصہ کمپیوٹر پلیئر یا انٹرنیٹ یوٹیوب پلیئر میں سنو ں تو کیا مجھے کوئی ثواب ملے گا؟مثال کے طورپر اگر میں انٹرنیٹ سے پوری توجہ کے ساتھ ایک منزل سنوں تو کیا منزل پڑھنے کا مقصد پورا ہوگایا نہیں؟ براہ کرم، جواب دیں۔

    جواب نمبر: 69764

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa ID: 1357-1368/N37=1/1437

    (۱): جی ہاں! اگر کوئی شخص کمپیوٹر پلیئر یا ٹیپ ریکارڈ وغیرہ کے ذریعے خاموشی اور توجہ اور دیگر آداب کی رعایت کے ساتھ قرآن کریم کی تلاوت سنے گا تو ان شاء اللہ اسے اس پر ثواب بھی ملے گا، اس کا یہ عمل ضائع نہ ہوگا (جدید فقہی مسائل ۱:۱۱۶، مطبوعہ: زم زم پبلشرز کراچی،فتاوی قاسمیہ ۳: ۵۹۹، سوال: ۹۹۰، مطبوعہ: مکتبہ اشرفیہ دیوبند، کتاب النوازل ۲: ۲۹۰، مطبوعہ: کتب خانہ نعیمیہ دیوبند)، البتہ صرف تلاوت سننے پر اکتفا نہ کرے ، خود بھی یومیہ کم از کم ایک پارہ یاآدھ پارہ تلاوت کا اہتمام کرے اور صرف آڈیو والا قرآن سنے، ویڈیو والا قرآن ہرگز نہ سنے۔
    (۲):منزل سننا بہرحال فائدہ سے خالی نہیں، البتہ پڑھنے کا فائدہ پڑھنے سے ہی حاصل ہوگا، محض سننے سے پڑھنے کا مکمل فائدہ حاصل نہ ہوگا ۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند