• عقائد و ایمانیات >> قرآن کریم

    سوال نمبر: 173137

    عنوان: وقف بالروم ، وقف بالسکون ، وقف بالتشدید ، وقف بالاشمام ،تنبیہ ، وقف بالاسکان کے بارے میں تفصیل سے بتائیں

    سوال: وقف بالروم ، وقف بالسکون ، وقف بالتشدید ، وقف بالاشمام ،تنبیہ ، وقف بالاسکان کے بارے میں تفصیل سے بتائیں وقف بالتشدید کے وقت تشدید پڑھی جا? گی ؟ مثال دے کر واضح کریں۔

    جواب نمبر: 173137

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa : 14-11T/SN=01/1441

    وقف بالروم : کلمہ کے آخری حرف کو ساکن نہ کیا جائے بلکہ اس کی حرکت کا تہائی حصہ ادا کیا جائے، یہ صرف پیش اور زیر میں ہوتا ہے۔

    وقف بالسکون: جس حرف پر وقف کیا گیا ہے وہ پہلے سے ساکن ہو، جیسے: وَانْحَرْ یہ حرف ساکن میں ہوتا ہے۔

    وقف بالتشدید: جس حرف پر وقف کیا گیا ہے وہ مشدد ہو جیسے: مُستَقَرّ یہ حرف مشدد پر ہوتا ہے۔

    وقف بالاشمام: کلمہ کے آخری حرف کو ساکن کیا جائے اور اس کی حرکت کی طرف ہونٹوں سے اشارہ کیا جائے، یہ صرف پیش میں ہوتا ہے۔

    تنبیہ: دو پیش اور دو زیر میں بھی روم جائز ہے مگر روم کی حالت میں صرف ایک پیش اور ایک زیر کا تہائی حصہ ادا کیا جائے، اسی طرح الٹے پیش اور کھڑے زیر میں بھی روم جائز ہے مگر اس صورت میں صلہ ختم ہو جائے گا؛ البتہ حرکت عارضی اور گول تاء اور ہائے سکتہ پر روم اور اشمام جائز نہیں۔

    وقف بالاسکان: کلمہ کے آخری حرف کو اس طرح ساکن کیا جائے کہ نہ تو اس کی حرکت کا کوئی حصہ ادا کیا جائے اور نہ اس کی طرف ہونٹوں سے اشارہ کیا جائے۔ یہ زبر، زیر، پیش تینوں حرکتوں میں ہوتا ہے۔

    وقف بالتشدید کے وقت حرف مشدد کو ساکن کرتے ہوئے تشدید کے پہلے سکون میں ایک حرف کی تاخیر مزید ادا کرنی ہوگی تاکہ تشدید تام ادا ہو۔ جیسے فَطَلّ ۔ (دیکھیں: جامع الوقف مع معرفة الوقوف ، اصول التجوید) ۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند