• >> قرآن کریم

    سوال نمبر: 155322

    عنوان: آیت میں ”مرقد“ یعنی خواب گاہ کا ”لفظ“ كیوں استعمال كیا گیا؟

    سوال: سورہ یسین کی آیت نمبر 50 اور 51 کے مطابق جس کا مفہوم ہے کہ " اور جب صورپھونکا جایئے گا تو وہ اپنے قبروں سے اپنے رب کی طرف دوڑیں چلے گے ۔اور کہیں گے ہائے ہماری خرابی ہمیں کس نے اپنی خوابگاہوں سے جگا دیا۔یہ وہ ہے جس کا رحمٰن نے وعدہ کیا تھا اور رسولوں نے سچ فرمایا تھا۔" اس آیت کی رو سے اگر دیکھیں تو اس میں خواب گاہ کا لفظ استعمال ہوا ہے ۔ تو اگر یہ خواب گا ہ ہے تو اگر اس میں کوئی عمل وارد ہوتا ہے تو اس کو خواب گاہ کیوں کہا گیا ہے ؟ برائے مہر بانی اس مشکل کو تفصل سے واضح کریں۔

    جواب نمبر: 155322

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa:53-150/sn=3/1439

    مذکورہ آیت میں ”مرقد“ یعنی خواب گاہ کا ”لفظ“ اس لیے استعمال کیا گیا کہ کفار اگرچہ قبروں میں بھی عذاب قبر میں مبتلا تھے، وہاں کچھ آرام نہ تھا؛ مگر قیامت کے عذاب کے مقابلے میں وہ پہلا عذاب کالعدم معلوم ہوگا، اس لیے پکاریں گے کہ ”ہمیں کس نے قبروں سے نکال لیا“ وہیں رہتے تو اچھا ہوتا۔

    دوسری توجیہ یہ ہے کہ جب اللہ تعالیٰ اولین دو نفخوں کے درمیان کفار سے عذاب ہٹالیں گے، تو وہ سوجائیں گے، پھر جب نفخہٴ ثالثہ کے بعد انھیں اٹھایا جائے گا، تو وہ کھلی آنکھوں قیامت اور اس کے عذاب کا مشاہدہ کرلیں گے، تو قبر کا عذاب اس کے مقابلے میں نیند کی طرح معلوم ہوگا، چنانچہ وہ کہیں گے: ”ہمیں کس نے ہماری خواب گاہ سے اٹھادیا؟“․

    قال ابن عباس وقتادة انما یقولون ہذا لأن اللہ یرفع العذاب عنہم بین النفختین فیوقدون فإذا بُعثوا بعد النفخة الآخرة عاینوا القیامة ودعوا بالویل․ وقال أہل المعانی إن الکفار إذا عاینوا جہنم بأنواع عذابہا صارت عذاب القبر فی جنبہا کالنوم فقالوا: من بعثنا من مرقدنا ہذا؟ (تفسیر مظہری: ۸/۴۸، ط: زکریا) نیز دیکھیں: (معارف القرآن: ۷/ ۴۰۲، ط: بیت الحکمت)


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند