• عقائد و ایمانیات >> قرآن کریم

    سوال نمبر: 145889

    عنوان: قرآن پاک بھول جانا؟

    سوال: میں نے آج سے تقریباً بارہ سال پہلے قرآن پاک حفظ کیا تھا، اس وقت میری عمر چودہ سال تھی لیکن میں نے اس کے بعد قرآن پڑھنا بالکل چھوڑ دیا۔ اس کی ایک وجہ یہ تھی کہ میرے والدین نے مجھے اپنے شوق سے قرآن کا حفظ بنانا چاہا، مجھے بالکل بھی شوق نہیں تھا حافظ بننے کا، جس وقت میں حافظ بنا اس وقت بھی مجھے قرآن ٹھیک یاد نہیں تھا اور جس استاذ سے میں نے حفظ کیا ان کا میرے ساتھ سلوک بھی ٹھیک نہیں تھا، وہ مار پیٹ بھی کرتے تھے، اور اکثر میرے ساتھ نازیبا حرکت بھی کرتے تھے، لیکن شرم کے مارے میں اپنے والدین کو بھی نہ بتاتا، اب وہ دن سوچتا ہوں تو بہت افسوس ہوتا ہے کہ میں نے حفظ کرنے میں تین سال بھی لگایا اور حاصل بھی کچھ نہ ہوا، اس وقت سے اب تک مجھے قرآن پاک کو دیکھ کر بھی پڑھنے کا دل نہیں کرتا، بہت کوشش کرتا ہوں کہ روزآنہ تلاوت کروں، لیکن نہیں کر پاتا، اب مجھے کیا کرنا چاہئے، قرآن کے ۵- ۶ سپاروں کے علاوہ مجھے کچھ نہیں یاد ، کیا آخرت میں اس کا وبال ہوگا؟ میں اس بات سے بہت پریشان ہوں، دوبارہ قرآن پاک حفظ کرنا میرے لیے بہت مشکل ہے۔

    جواب نمبر: 145889

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa ID: 145-610/H=6/1438

    پانچ چھ پارے آپ کو یاد ہیں یہ بھی اللہ پاک کا آپ پر بڑا کرم ہے،اس پر اللہ تعالیٰ کا شکر اداء کرتے رہئے اورمزید ترقی کے لیے اپنے مشاغل کو ملحوظ رکھ کر کوشش کرتے رہئے ایک وقت ا یسا مقرر کرلیجیے کہ جس میں قرآن کریم کی تلاوت اور یاد کرنے کے علاوہ کوئی دوسرا کام وابستہ نہ رہے، حتی کہ اُس وقت اپنا موبائل بھی بند رکھا کریں قرآنِ کریم کی تلاوت اتنی بڑی دولت ہے کہ براہِ راست اللہ پاک سے ہم کلامی کا شرفِ عظیم تلاوت کرنے والے کو حاصل ہوتا ہے، سوچئے کہ کوئی بڑا حاکم اورعہدہ دار آپ کو اپنے آپ سے بات کرنے کا موقعہ دیدے تو آپ کس قدر اس کے شکر گذار ہوں گے، شاید زندگی بھر اس کا احسان نہ بھولیں گے، بہرحال پورے قرآن شریف کے دوبارہ یاد پختہ ہوجانے کو مشکل نہ سمجھئے اللہ تعالیٰ نے بندوں پر اس کو بہت آسان کررکھا ہے، بس نیت اور عزم میں پختگی ہونی چاہیے دوسرے مسواک کا اہتمام کیا کریں اور تیسرے تقوی پر ہیزگاری کو لازم پکڑلیں، بدنگاہی اور بدزبانی سے اپنے آپ کو محفوظ رکھیں، اہل حق مشائخ میں سے استخارہٴ مسنونہ کے بعد بیعت ہوجائیں اور ان کی ہدایات پر عمل کرتے رہیں ان سے رابطہ قوی رکھیں ان امور کو ملحوظ رکھیں گے تو بہت جلد ترقیات حاصل ہوں گی اور مکمل قرآن شریف کا حفظ بھی سہولت سے ہوجائے گا، ان شاء اللہ تعالیٰ۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند