• عقائد و ایمانیات >> قرآن کریم

    سوال نمبر: 131080

    عنوان: میں ایک عورت ہوں اور میں قرآن کریم یاد کرنا چاہتی ہوں۔

    سوال: (۱) میں ایک عورت ہوں اور میری عمر ۳۸ سال ہے، اب میں قرآن کریم یاد کرنا چاہتی ہوں۔ (۲) اور قرآنی عربی سیکھنا چاہتی ہوں، میں یہ کیسے کرسکتی ہوں؟ میں اسکول میں ٹیچر بھی ہوں، مجھے کیا کرنا چاہئے؟ میری آخرت کے لیے یہ ضروری ہے۔ براہ کرم، کوئی راستہ بتائیں۔

    جواب نمبر: 131080

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa ID: 1251-1219/SN37=2/1438
    (۱) آپ قرب و جوار میں کسی ایسی خاتون کو تلاش کریں جو قرآنِ کریم تجوید کی رعایت کے ساتھ پڑھ لیتی ہے، پھر اس خاتون سے اولاً تجوید کی رعایت کے ساتھ قرآنِ کریم کو ناظرہ پڑھنا سیکھیں، جب آپ کو صحیح صحیح رواں دواں ناظرہ پڑھنے کی قدرت حاصل ہوجائے تو اس وقت آپ کسی حافظہ باعمل خاتون کے مشورے سے حفظِ قرآن کا آغاز کریں، اگر آپ مسلسل لگی رہیں گی تو ان شاء اللہ بہ آسانی حفظ کی تکمیل ہو جائے گی۔
    (۲) قرآن کریم ٹھوس فصیح عربی زبان میں ہے، جسے سمجھنے کے لیے عربی زبان کے قواعد نیز عربی زبان اور متعلقات میں مضبوط صلاحیت درکار ہے، اگر آپ میں ہمت ہے تو اعلیٰ صلاحیت کی کسی عالمہ خاتون سے رابطہ کریں اور ان کے مشورے سے مستقل منصوبہ کے ساتھ معلمات سے از ابتداء پڑھیں، اگر کسی مرحلہ میں خاص مشورے کی ضرورت ہوتو یہاں رابطہ کرسکتی ہیں۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند