• متفرقات >> تصوف

    سوال نمبر: 65591

    عنوان: تصوف کسے کہتے ھین

    سوال: تصوف کسے کہتے ھین

    جواب نمبر: 65591

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa ID: 624-492/D=8/1437

     

    تصوف تزکیہ اور احسان کو کہتے ہیں جس کا دوسرا نام تعمیر الظاہر والباطن بھی ہے، اللہ تعالیٰ نے جس طرح نماز روزہ حج زکاة کا حکم فرمایا اورمعاملات ومعاشرت میں جائز ناجائز حلال وحرام کی تعلیم فرمائی اور یہ چیزیں اعمال ظاہرہ سے متعلق ہیں اسی طرح صبر شکر اخلاص، توکل تواضع اللہ اوراس کے رسول کی محبت قلب میں پیدا کرنے کا حکم فرمایا انھیں اخلاق فاضلہ کہتے ہیں۔ تکبر حب دنیا، شہوت کے ناجائز استعمال، حرص، طول امل، ریا وغیرہ چیزوں سے قلب کو صاف کرنے کی تعلیم دی انھیں اخلاق رذیلہ کہتے ہیں اور یہ دونوں باتیں اعمال قلب سے متعلق ہیں اس لیے اعمال باطنہ کہلاتے ہیں۔

    اخلاق رذیلہ دور کرکے اخلاق فاضلہ پیدا کرنے کو تزکیہ واحسان کہتے ہیں اور جس فن میں اخلاق رذیلہ دور کرنے اور اخلاقِ فاضلہ پیدا کرنے کا طریقہ بتلایا جائے اسے تصوف کہتے ہیں۔ پس حاصل یہ ہوا کہ قلب کی اصلاح کرنے یعنی اخلاق رذیلہ دور کرکے اخلاق فاضلہ پیدا کرنے کا نام تصوف ہے۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند