• متفرقات >> تصوف

    سوال نمبر: 37699

    عنوان: مجھے یہ پتا کرنا ہے کہ آج کل جو لوگ نقشبندی ،سہر وردی اور قادری اپنے نام کے آگے لگاتے ہیں، یہ ٹھیک ہے یا نہیں؟

    سوال: مجھے یہ پتا کرنا ہے کہ آج کل جو لوگ نقشبندی ،سہر وردی اور قادری اپنے نام کے آگے لگاتے ہیں، یہ ٹھیک ہے یا نہیں؟

    جواب نمبر: 37699

    بسم الله الرحمن الرحيم

    فتوی: 651-111/D=4/1433 راہِ سلوک طے کرنے اور نسبت احسان کرنے کے سلسلہ میں صوفیائے کرام اور بزرگأن عظام نے ذکر واشغال ریاضت ومجاہدات کے جو طریقے تجویز کیے ہیں انھیں کی طرف مذکورہ سلسلے منسوب ہیں، مشائخ طریقت کے چار سلسلے مشہور ہیں، چشتیہ، نقشبندیہ، سہروردیہ، قادریہ اصلاح نفس اور ذکر واذکارکے لیے لیے آدمی جس سلسلے کے شیخ سے تعلق قائم کرتا ہے انھیں کی طرف وہ اپنے کو منسوب کرتا ہے،مطلب یہ ہوتا ہے کہ میں نے اس سلسلہ کے فلاں بزرگ (شیخ) سے اصلاح باطن اور تزکیہ نفس کی تعلیم حاصل کی ہے اور ان کی ہدایات پر عمل پیرا ہوں یہ چاروں سلسلے اہل حق مشائخ کے ہیں جو اصلاح باطن اور نسبت احسان کی تحصیل کے طریقے بتاتے ہیں، بعض جاہل لوگ جو صوفی اور بزرگ ہونے کا ڈھونگ رچتے ہیں حالانکہ وہ نسبت احسان اور تزکیہ باطن کی انھیں ہَوا بھی نہیں لگی ہوتی، وہ اپنے کو نقشبندی یا سہروردی وغیرہ کی طرف منسوب کرکے لوگوں کو گمراہ کرتے ہیں، یہ تو غلط ہیں البتہ جن لوگوں نے کسی شخص کامل کی صحبت اور تربیت میں رہ کر اصلاح باطن ارو نسبت احسان کی تحصیل کی ہے ان کا ان بزرگوں کے سلسلے کی طرف انتساب کرنا درست ہے، لیکن بعض کم علم لوگوں نے جب ان سلسلوں کو تفریق امت کا ذریعہ بنانے کی کوشش کی اور ان کے متبعین نے یا باہم نزاع شروع کردیا، جس سے افضل اورغیر افضل کی بحث چھڑگئی یا لوگوں میں جماعتی تحزب پیدا ہوکر دوسرے لوگوں کے سلسلہ میں نفرت کے جذبات ظاہر ہونے لگے، تو اہل حق محققین مشائخ نے چاروں سلسلے میں بیعت لینے اور اجازت دینے کا سلسلہ شروع کردیا تاکہ جماعتی تحزب نہ پیدا ہو، چنانچہ مشائخ اہل حق کا معمول عرصہ سے یہی چلا آرہا ہے کہ چاروں سلسلے میں بیعت بھی لیتے ہیں اور چاروں سلسلے میں اجازت بھی دیتے ہیں، جو اس طرح کے کسی متبع شریعت وسنت شیخ سے وابستہ ہو اسے نسبت کا اظہار کرنے کی گنجائش ہے، تفاخر اور تفاضل کی نہیں۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند