• متفرقات >> تصوف

    سوال نمبر: 164386

    عنوان: شیخ کے متعلق معلومات

    سوال: آج کل کے دور میں کامل شیخ کے بارے میں کیسے معلوم کیا جائے؟ فتنے کے اس دور میں مشہور شیخ کے بارے میں بھی سننے میں آتا ہے کے وہ صیحح نہیں۔ ایسی صورت میں کیا کیا جاے ؟ مزید اس بارے میں بھی رہنمائی کر دیں کہ کیا یہ بات درست ہے کہ شیخ مریدوں پر غلط توجہات ڈال سکتا ہے ؟کیا مولانا اشرف علی تھانوی رحہ اور مولانا زکریا رحمتہ اللہ علیہ نے اپنی کتابوں میں ان غلط توجہات کے بارے میں تفصیل بیان فرمائی ہے ؟ اگر ایسا ہے تو کیا اس کتاب کا نام پتہ لگ سکتا ہے تاکہ پڑھ کر مستفید ہو سکیں؟

    جواب نمبر: 164386

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa : 1283-1102/SN=1/1440

    سنی سنائی باتوں پر اعتماد نہ کرنا چاہئے، آپ کو اپنے علاقے کے جس عالم یا مفتی پر اعتماد ہو ان سے رابطہ کرکے درخواست کریں کہ قرب و جوار کے کسی متبع سنت شیخ (جو اصلاح کے کام میں لگے ہوں) کی طرف آپ کی رہنمائی کریں، اگر وہ کسی کی طرف رہنمائی کرتے ہیں تو آپ براہ راست ان سے خط وکتابت وغیرہ کرلیں، جب آپ کو اطمینان ہو جائے اور ان سے مناسبت معلوم ہو تو پھر ان سے اپنا اصلاحی تعلق قائم کرلیں۔

    (۲) تذکرة الرشید کی دوسری جلدمیں ایک گمراہ پیر کے توجہات کا ذکر ہے، آپ اس کا مطالعہ کرسکتی ہیں؛ باقی حضرت تھانوی رحمہ اللہ اور حضرت شیخ زکریا رحمہ اللہ کی تصنیفات میں بھی اس طرح کے توجہات کا ذکر ہوسکتا ہے سو آپ حضرت تھانوی رحمہ اللہ کے ملفوظات نیز حضرت شیخ رحمہ اللہ کی آپ بیتی وغیرہ کا مطالعہ کریں، ممکن ہے ان میں اس طرح کی کوئی چیز مل جائے۔

    نوٹ: یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ قلب پر توجہ ڈالنا بعض متبع سنت مشائخ کے یہاں بھی معمول بہ رہا ہے، چنانچہ تذکرة الرشید ہی میں ایک جگہ حضرت رحمہ اللہ کا اپنے مرید پر توجہ ڈالنے کا ذکر ہے؛ اس لئے ان مشائخ کے توجہ ڈالنے پر گمراہ پیروں کے توجہ کو منطبق نہ کیا جائے۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند