• متفرقات >> تصوف

    سوال نمبر: 160417

    عنوان: سچی پکی توبہ کیسے کی جائے؟

    سوال: حضرت، میں ایک لڑکی سے تعلق رکھتا ہوں پر جسمانی تعلق نہیں۔ سگریٹ کا بھی اہتمام ہے، اور گندی فلمیں بھی دیکھتا ہوں، روز نیت کرتا ہوں کہ چھوڑ دوں لیکن چھوٹتا ہی نہیں ہے، اور لڑکی کو چھوڑنے کے لئے کہتا ہوں تو رونے لگتی ہے، میں بہت پریشان ہوں۔

    جواب نمبر: 160417

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa:902-788/H=8/1439

    روزانہ کچی نیت کرتے ہیں گناہوں کو چھوڑنے کے لیے نیت پکی اور توبہ سچی کرنے کی ضرورت ہے، تازہ غسل کرکے نئے یا دھلے ہوئے کپڑے پہن کر دو رکعت نفل توبہ کی نیت سے پڑھیں اور سلام پھیرکر ایک تسبیح درود شریف کی اور دوسری استغفار کی اور تیسری پھر درود شریف کی پڑھ کر اللہ پاک سے سچی پکی توبہ کریں اور اتنا پختہ عزم کرلیں کہ خواہ جان ہی نکل جائے مگر آئندہ اس لڑکی سے گفتگو نہیں کروں گا اور گندی بلکہ کسی بھی طرح کی فلمیں نہیں دیکھوں گا، اور سگریٹ ہرگز نہ پیوں گا اور اس کے بعد اپنی دس دن کی آمدنی غرباء فقراء مساکین پر خرچ کردیں ،اگر خدانخواستہ اُس کے بعد گناہ ہوجائے تو جب تک مذکورہ بالا کام انجام نہ دے لیں اس وقت تک کھانا بالکل نہ کھائیں پھر کبھی گناہ ہوجائے تو پھر کھانا کھانے سے پہلے ان تمام کاموں کا کرنا اپنے اوپر لازم کرلیں، ان شاء اللہ کچھ ہی عرصہ میں کایا پلٹ ہوجائے گی اور گناہوں کی گندگی سے بچ کر پریشانیاں ختم ہوجائیں گی۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند