• متفرقات >> تصوف

    سوال نمبر: 155765

    عنوان: اپنی ذات سے مایوسی

    سوال: حضرت مفتی صاحب! میں اپنی ذات سے کتنا مایوس ہو چکا ہوں، میں آپ کو بتا نہیں سکتا۔ میری عمر ۳۳/ سال ہے، ماں باپ نہیں ہیں۔ پڑھائی کی ہے لیکن قابلیت نہیں ہے، مجھ میں بالکل بھی کسی کام کو کرنے کا حوصلہ یا سلیقہ نہیں ہے، میں بہت زیادہ بزدل ہوں، ایک چھوٹے بچے سے بھی آنکھ میں آنکھ ڈال کر بات نہیں کرسکتا، ہر جگہ ڈرا اور سہما ہوا رہتا ہوں، ڈر کی وجہ سے سائیکل چلانا بھی نہیں سیکھ پایا، ڈر کی وجہ سے میں کہیں بھی نوکری نہیں کرپاتا، لوگوں سے اپنے ساتھ والوں سے اور کسٹمر سے بات نہیں کر پاتا، اس وجہ سے مارکیٹ میں میرا مزاق ہوتا ہے اور کام میں بھی بہت غلطیاں ہوتی ہیں، مجھے ہر کام ناممکن سا لگتا ہے، اسی وجہ سے میرے لیے حلال رزق کمانا بہت مشکل ہو گیا ہے۔ اور دو تین مہینہ سے زیادہ کہیں میں کام نہیں کر پاتا، مجھے حوصلہ اور اعتماد بالکل نہیں ہے۔ دو مہینہ میں کوئی بھی مجھے تذبذب میں ڈال دیتا ہے۔ ڈرپوک اتنا ہوں کہ نہ سائیکل چلانا آتا ہے اور نہ اپنا علاج کروا پاتا ہوں ڈر کی وجہ سے، میرے دانت خراب ہو گئے ہیں اسے نکلوانا ہے لیکن جیسے ہی دانتوں کے ڈاکٹر کی کرسی پر لیٹتا ہوں، گھبراہٹ ہوتی ہے بہت زیادہ، دھیرے دھیرے آنکھوں کے سامنے اندھیرا سا ہونے سے بے ہوش ہو جاتا ہوں۔ میں بددین بھی بہت ہوں، بزدل ہونے کی وجہ سے میں ظاہری گناہ کی ہمت نہیں رکھتا تو لوگ سوچتے ہیں کہ میں نیک ہوں، اصل میں تو میں پتا نہیں کیا ہوں، دین کے بارے میں بہت وسوسہ آتے ہیں، ایسا لگتا ہے کچھ نہیں حقیقت میں نعوذ باللہ۔ شادی ہو نہیں رہی، تنہائی کے گناہوں میں ڈوبا رہتا ہوں کتنا ہی توبہ کروں بچ نہیں پاتا، بہت مایوس ہوں۔ میں اس کائنات کا بدترین انسان ہوں، کسی کام میں دل نہیں لگتا نہ دنیا کے نہ دین کے، بس دن ورات کٹ رہے ہیں۔ میں وہمی بھی بہت ہوں، کوئی اگر بتادے کہ لَاحَوْلَ وَلَا قُوَّةَ پڑھو، تو اس تذبذب میں رہتا ہوں کہ لَاحَوْلَ وَلَا قُوَّتْ پڑھوں یا پھر لَا حَوْلَ وَلَاقُوَّةَ ․․․․ ایک دن میں نے ۵۰۰/ مرتبہ پڑھا، تو چاند (مغرب) کے حساب سے پڑھوں یا سورج (12am) کے حساب سے؟ نوٹ: آپ نیک لوگوں سے درخواست ہے کہ میرے لیے خاص دعا کیجئے اور کوئی خاص عمل بتائیے میرے لیے اور مجھے ای میل پر ہی جواب دیں۔ ورنہ یہ سب پڑھ کر کوئی بھی مجھے پہچان لے گا پھر میرا مزاق بنے گا۔

    جواب نمبر: 155765

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa : 212-193/H=2/1439

    اللہ پاک آپ کو تمام ظاہری و باطنی امراض سے شفاء عطار فرمائے آمین۔ آپ فضاء اعمال، فضائل صدقات، تعلیم الدین، جزاء الاعمال ان کتابوں کا مطالعہ بکثرت کیا کریں ہر نماز کے بعد اور سوتے وقت سات مرتبہ سورہٴ قریش اول و آخر سات سات دفعہ درود شریف پڑھ کر دعاء کا اہتمام شروع کردیں اپنے حسب حال مقامی کسی عالم صاحب سے رابطہ رکھیں اور قرآن کریم کی تلاوت اور درود شریف کی مقدار مقرر کراکے اس پر عمل کرتے رہیں۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند