• متفرقات >> تصوف

    سوال نمبر: 147590

    عنوان: بار بار توبہ ٹوٹ جاتی ہے کوئی حل بتائیں!

    سوال: میں پانچ سالو ں سے گناہ کا عادی ہوں ، میں توبہ کرتاہوں ، پھر ٹوٹ جاتی ہے ، اب میں پریشان ہوں کہ ایمان پر میری موت ہوگی یا نہیں؟

    جواب نمبر: 147590

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa ID: 370-302/H=4/1438

     

    سچی پکی توبہ کریں اور اتنا پختہ عزم کرلیں کہ چاہے جان چلی جائے مگر گناہ نہ کروں گا اگر سوئے اتفاق کہ پھر ہوجائے تو یہ ارادہ کرلیں کہ اگر پھر گناہ ہوگیا تو بیس رکعات نفل صلاة التوبہ پڑھوں گا اور آٹھ دن کی اپنی کل آمدنی غرباء فقراء مساجد ومدارس پر خرچ کردوں گا اور جب تک یہ دونوں کام نہ کرلوں گا کھانا نہ کھاوٴں گا اگر اس کے بعد اتفاقاً پھر گناہ ہوجائے تو پھر ایسا ہی کروں گا، اگر اخلاص کے ساتھ سچے دل سے اسی طرح کرتے رہیں گے تو ان شاء اللہ گناہ بھی چھوٹ جائے گا اور ایمان پر خاتمہ بھی نصیب ہوگا، گناہ چھوڑنے اور سچی پکی توبہ پر جمنے میں ہمت کی ضرورت ہے، اگر آدمی ہمت ہی نہ کرے تو گناہ نہیں چھوٹتا، نماز ذکر تلاوت اورادائے حقوق کی پابندی کو لازم پکڑلیں (الف) فضائل اعمال (ب) فضائل صدقات (ج) بہشتی زیور (د) تعلیم الاسلام کے پڑھنے سننے سنانے اور مطالعہ کا خصوص اہتمام کریں اور جو ہدایات ان کتابوں میں ہیں ان کو حرز جان بنائیں۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند