• عقائد و ایمانیات >> تقلید ائمہ ومسالک

    سوال نمبر: 37630

    عنوان: دوسرے مذہب جیسے شافعی ، مالکی، حنبلی وغیرہ امام کے پیچھے با جماعت نماز

    سوال: میرا سوال یہ ہے کہ میں ایک حنفی ہوں اور سعودیہ میں مقیم ہوں۔ کیا میں دوسرے مذہب جیسے شافعی ، مالکی، حنبلی وغیرہ امام کے پیچھے با جماعت نماز فجر اور مغرب پڑھ سکتا ہوں ؟ کیونکہ میں بہت دنوں سے دیکھ رہا ہوں کہ یہاں فجرکی نماز میں دوسری رکعت کے رکوع سے اٹھنے کے بعد یعنی قومہ میں ٹھہر کر کافی دیر تک ہاتھ اٹھا کر رو رو کر عربی میں کچھ پڑھتے رہتے ہیں اور مقتدی زور زور سے آمین کہتے ہیں ، اس کے بعد ہی سجدے میں جاتے ہیں۔ اور مغرب کی نماز میں تیسری رکعت کے رکوع سے اٹھنے کے بعد بھی ایسا ہی کرتے ہیں؟ ایسی صورت میں حنفی شخص کے لئے کیا حکم ہے؟ کیا وہ الگ جماعت کرے؟ کیا وہ بھی ہاتھ اٹھا کر کھڑے رہے اور زور زور سے آمین کہے؟ کیا یہ مسائل ہند میں لاگو ہوں گے یا صرف سعودی عرب میں؟ کیونکہ کچھ لوگ کہتے ہیں کہ سعودی عرب میں مسائل مختلف ہوتے ہیں۔ براہ کرم، اس پر روشنی ڈالیں۔

    جواب نمبر: 37630

    بسم الله الرحمن الرحيم

    فتوی: 391-391/B=4/1433 وہ لوگ فجر کی نماز میں رکوع سے اٹھنے کے بعد دعائے قنوت نازلہ پڑھتے ہیں، حنفی اس وقت ہاتھ نہ اٹھائیں اور آہستہ آہستہ آمین کہتے ہیں۔ حنفی کو الگ جماعت کرنے کی ضرورت نہیں، ان لوگوں کے پیچھے فجر اور مغرب کی نماز بھی پڑھ سکتے ہیں،حنفی کے لیے ہرجگہ یہی حکم ہے۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند