• عقائد و ایمانیات >> تقلید ائمہ ومسالک

    سوال نمبر: 147173

    عنوان: چار امام کیوں ہیں اور کیسے ہیں اور چاورں الگ کیوں ہیں؟

    سوال: میرا سوال یہ ہے کہ چار امام کیوں ہیں اور کیسے ہیں اور چاورں الگ کیوں ہیں؟ کیا یہ صحابی تھے؟ براہ کرم تفصیل سے بتائیں کیونکہ بہت سے لوگ فتنہ پھیلاتے ہیں کہ اسلام عرب سے پھیلا ہے تو عرب والوں کی اتباع کریں۔

    جواب نمبر: 147173

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa ID: 334-293/B=3/1438

     

    ائمہ مجتہدین اعلیٰ درجے کے بہت سے گذرے ہیں، انہوں نے قرآن و حدیث سے مسائل فرعیہ کا استنباط کیا، ان میں چار امام حضرت امام ابوحنیفہ ، حضرت امام مالک ، حضرت امام شافعی، اور حضرت امام احمد بن حنبل (رحمہم اللہ) ایسے گذرے ہیں جنہوں نے سب سے زیادہ مسائل اور زندگی کے ہر شعبہ سے متعلق مسائل استنباط کئے ہیں لہٰذا امت نے ان ہی چاروں اماموں کے مسائل فرعیہ کو اپنایا، اللہ نے ان کے مسائل کو بہت زیادہ قبولیت بخشی، بارہ سو سال سے ان ہی کے مسائل فرعیہ پر امت عمل کرتی چلی آرہی ہے، ان چاروں میں سے کوئی صحابی نہ تھا، حضرت امام ابوحنیفہ صرف تابعی تھے، امام مالک تبع تابعی تھے۔ بیشک اسلام عرب سے پھیلا ہے لیکن ہمیں تو قرآن و حدیث کے اتباع کا حکم دیا گیا ہے خواہ ہم کسی ملک میں رہیں۔ امام بخاری، امام مسلم ، امام ابوداوٴد، امام ترمذی، امام نسائی، امام ابن ماجہ کا اتباع آج ساری امت کررہی ہے یعنی ان کی کتابوں سے فائدہ اٹھا رہی ہے، ان میں سے کوئی بھی عرب کا رہنے والا نہیں۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند