• معاشرت >> طلاق و خلع

    سوال نمبر: 69531

    عنوان: اگر شوہر طلاق سے انکار کریں تو اس کی شرعی حیثیت کیا ہوگی؟

    سوال: (الف) میرے شوہر نے مجھے کہا تھا کہ اگر آپ نے اپنا زیر استعمال موبائل فون استعمال کرکے اس پر کسی کو کال کیا تو تم طلاق ہو، تم طلاق ہو، اور تم طلاق ہو، پھر شام کے وقت میرے شوہر نے کہا کہ میں نے طلاق کے جو الفاظ استعمال کیے تھے وہ الفاظ میں واپس لیتا ہوں، اسی ہی طہر میں شوہر نے جماع بھی کیا، میں نے اسی ہی موبائل فون سے پھر اپنے رشتہ داروں کے ساتھ رابطے کیے ہیں، یعنی میں نے وہی موبائل فون استعمال کیا ہے، قرآن وسنت کی روشنی میں واضح فرمائیں کہ: (۱) کیا طلاق واقع ہوچکی ہے؟ (۲) اگر طلاق واقع ہوچکی ہے تو یہ طلاقِ رجعی ہے یا مغلظہ؟ (۳) کتنی طلاقیں واقع ہوچکی ہیں؟ (ب) بعدہ میرے والد، بھائی اور دیگر دو رشتہ دار بطور جرگہ ہمارے گھر آکر میں نے اپنے خاوند کی موجوگی میں سارے متذکرہ بالا حالات بیان کیے اور سب کی موجوگی میں میرے شوہر نے مذکورہ بالا باتوں کی تصدیق کی۔ قرآن وسنت کی روشنی میں واضح فرمائیں کہ: (۱) کیا اب میرا شوہر کے ساتھ رہنا شرعاً جائز ہے؟ (۲) اگر شوہر طلاق سے انکار کریں تو اس کی شرعی حیثیت کیا ہوگی؟

    جواب نمبر: 69531

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa ID: 912-893/Sd=11/1437 صورتِ مسئولہ میں اگر آپ کے شوہر نے آپ سے یہ کہا تھا کہ ”اگر تم نے اپنا زیر استعمال موبائل فون استعمال کر کے، اُس پر کسی کو کال کیا، تو تم طلاق ہو، تم طلاق ہو اور تم طلاق ہو“ پھر شوہر کے اس کہنے کے بعد آپ نے اپنا زیر استعمال موبائل فون استعمال کر کے رشتہ داروں کے ساتھ رابطہ کیا، تو ایسی صورت میں شرط پائے جانے کی وجہ سے آپ پر تین طلاقیں واقع ہوگئیں اور آپ مغلظہ بائنہ ہوگئیں، رشتہ نکاح بالکلیہ ختم ہوگیا، اب رجعت کی کوئی گنجائش نہیں ہے، آپ دونوں کا ساتھ رہنا ہر گز جائز نہیں ہے اور حلالہ شرعی کے بغیر مذکورہ شوہر کے ساتھ دوبارہ نکاح کی کوئی صورت نہیں ہے، شوہر کے اس کہنے سے کہ ”میں نے جو طلاق کے الفاظ استعمال کیے تھے، میں اسے واپس لیتاہوں“ اس سے تعلیق ختم نہیں ہوگی اور اس کے باوجود شرط کے پائے جانے سے طلاق واقع ہوجائے گی۔ اگر شوہر طلاق کا انکار کرے اور مذکورہ جملہ بولنے پر شرعی شہادت نہ ہو، تو ایسی صورت میں اس مسئلے کو مقامی یا قریبی شرعی پنچائت میں پیش کیا جائے۔ واضح رہے کہ اگر آپ نے اپنے کانوں سے شوہر کی زبانی مذکورہ جملہ سنا ہے، تو شوہر کے انکار کی صورت میں بھی شرعی پنچائت سے کوئی فیصلہ ہونے تک آپ کے لیے اُ س کو اپنے اوپر قدرت دینا جائز نہیں ہے۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند