• معاشرت >> طلاق و خلع

    سوال نمبر: 165781

    عنوان: ناگزیر صورت حال کے بغیر شوہر کو نہ طلاق دینی چاہئے اور نہ بیوی کو اس کا مطالبہ کرنا چاہئے

    سوال: میری شادی ہوئے ۱۶مہینے ہوچکے ہیں اور میں اپنے ہی میکے میں تین مہینے اپنے شوہر کے ساتھ رہی ، کیوں کہ میری ساس میرے شوہر کو میرے ساتھ سونے نہیں دیتی ہیں اور میرے شوہر بھی صرف انہی کی بات مانتے ہیں ( تعویذ کی وجہ سے)، میں حمل سے تھی اور طلاق لینا چاہتی تھی، اس نے میرے وضع حمل کا انتظار کیا ، ہمارا لڑا ہواہے ، میرے شوہر میرے پاس واپس آگئے ، اب ہمارا لڑکا آٹھ مہینے کا ہے، اور ابھی دومہینے سے میں اپنے والدین کے ساتھ رہتی ہوں، میرے شوہر نے مجھے بتایا کہ وہ مجھے طلاق دینا چاہتاہے، مگر وہ نہ مجھے طلاق دیتے ہیں اور نہ ہی میرے ساتھ رہتے ہیں ، کیوں کہ ان کی ماں ایسا کرنے نہیں دیتی ہیں، اگر ہمیں طلاق ہوجائے تو مجھے اور میرے بچے کو پریشانی ہوگی؟ براہ کرم، کوئی دعا بتائیں کہ میری ساس اور میرے شوہر کا دل صاف ہوجائے۔

    جواب نمبر: 165781

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa : 137-13T/M=2/1440

    ناگزیر صورت حال کے بغیر شوہر کو نہ طلاق دینی چاہئے اور نہ بیوی کو اس کا مطالبہ کرنا چاہئے جہاں تک ممکن ہوسکے رشتہٴ نکاح کو نباہنے کی کوشش کرنی چاہئے ۔ صورت مسئولہ میں آپ شوہر سے ملیں، ان کے پاس جائیں اور ان کی زوجیت میں رہتے ہوئے ان کے حقوق کی ادائیگی کا پورا خیال رکھیں، اور نمازوں کی پابندی کریں اور اللہ تعالی سے خصوصی دعا کا اہتمام کریں کہ میاں بیوی میں محبت پیدا ہوجائے اور صبح و شام یَا لَطِیْف اور یَا وَدُوْدُ کا وظیفہ سو سو (۱۰۰-۱۰۰) مرتبہ پڑھ لیا کریں۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند