• معاشرت >> طلاق و خلع

    سوال نمبر: 161982

    عنوان: میں اپنی نند سے کیسا برتاوٴ کروں؟

    سوال: حضرت مفتی صاحب! میری شادی کو دو سال سے زیادہ ہو چکے ہیں، مجھے شادی کے کچھ دن بعد ہی پتا چل گیا تھا کہ میرے شوہر شادی کے قابل نہیں، انہوں نے دھوکے سے شادی کی، دو سال تک ہر جگہ سے علاج کروایا لیکن اس مسئلہ کا کوئی حل نہ نکلا۔ ان کا رویہ بھی مجھ سے خراب تھا پھر بہت اچھے اخلاق سے میں ان کے ساتھ پیش آئی، اور وہ میرے ساتھ اچھی طرح رہنے لگے۔ علاج تو اب تک نہیں ہوا مگر اچھے اخلاق کی وجہ سے ہم میں نبھنے لگی۔ ہم خوش تھے کہ ایک رات جب میرے شوہر رات کی ڈیوٹی میں گئے ہوئے تھے تو میرے کمرے میں میرا دیور آدھی رات کو آگیا، میں خوب شور مچائی تو وہ ڈر کے بھاگ گیا۔ دوسرے دن جب میں نے اپنے شوہر کو یہ بات بتائی تو انہوں نے میری ساس اور دیور کو بلا کر یہ بات پوچھی، غصہ ہوئے، تو میری ساس نے ہنس کر کہا کیا ہوا، ایسے ہی گیا تو جیسے بڑے ویسے چھوٹے۔ میرے پوچھنے پر انہوں نے فخر سے بتایا کہ میرے شوہر بھی اپنی بہن کے ساتھ ایسا کرتے تھے، دونوں بہن بھائی شادی سے پہلے غلط طریقے سے ملتے تھے۔ میرے شوہر نے پھر مجھے بتایا کہ جب وہ ۱۷/ سال کے تھے تو دونوں بہن بھائی رضامندی سے کچھ غلط حرکتیں کرتے تھے، انتہائی تعلق نہیں تھا، دونوں میں پھر بھی ایسا تعلق تھا۔ اب مجھے پوچھنا یہ ہے کہ ایسی صورت میں حرمت مصاہرت کی وجہ سے میرے نکاح پر تو کوئی اثر ہوا ہے یا نہیں؟ (۲) اگر نکاح قائم ہے تو اب میں اپنی نند سے کیسا برتاوٴ کروں؟ وہ شروع سے مجھ سے خود کو موزانہ کرتی تھی، سوٹ سے لے کر ہر چیز میں، میں سوچتی کہ میرے شوہر کی بہن ہے ، اس کا بھی حق ہے، اس کا خیال کرتی۔ مگر اب اتنی بڑی بات پتا چلی ہے تو پہلے جیسا برتاوٴ مشکل ہے، کیا اب بھی وہ بہن کے حقوق رکھتی ہے، جب کہ اس کا برتاوٴ شروع سے میرے ساتھ ٹھیک نہیں ہے؟ اب وہ شادی شدہ ہے ، میں اس کے ساتھ میں کیسا رویہ رکھوں؟ پریشان ہوں، بہت تکلیف میں ہوں کچھ سمجھ میں نہیں آتا، میرا نکاح اب بھی قائم ہے یا نہیں؟

    جواب نمبر: 161982

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa:1154-1041/sd=10/1439

    (۱)صورت مسئولہ میں آپ کا نکاح بدستور برقرار ہے، یہاں حرمت مصاہرت کی کوئی وجہ نہیں ہے۔

    (۲) نند کے ساتھ آپ حسن اخلاق کا معاملہ برقرار رکھیں، نند کی کمی کا تذکرہ کسی کے سامنے نہ کریں، اپنے کام سے کام رکھیں اور اپنے اعمال کو بہتر سے بہتر بنانے کی کوشش کرتی رہیں۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند