• معاشرت >> طلاق و خلع

    سوال نمبر: 151889

    عنوان: میں باوجود کوشش کے شوہری حق ادا نہیں کرپاتی اور خلع چاہتی ہوں؟

    سوال: میں اپنے شوہر سے خلع چاہتی ہوں، میرے نکاح کو پانچ سال ہوگئے، مجھے وہ شخص ناپسند ہے، وہ طلاق دینے کو تیار نہیں۔ میں نے کئی بار اس کے ساتھ رہنے کی کوشش کی پر میری ذہنی ناپسندیدگی کچھ دنوں میں پھر سے واپس ہو جاتی ہے اور گھٹن ہوتی ہے۔ میرے دو بچے ضائع ہو گئے ، میں اس انسان کا شوہری حق بھی اب ادا نہیں کر پاتی اور اس کے ساتھ ہمبستری مجھے ناگوار ہے۔ ناگواری کے ساتھ بھی کچھ عرصہ رہی، اور میں ذہنی طورپر بہت پریشان رہتی ہوں۔ اس معاملے میں میری رہنمائی فرمائیں، کرم ہوگا۔

    جواب نمبر: 151889

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa ID: 1157-1157/M=9/1438

    صورت مسئولہ میں شوہر طلاق دینے کو تیار نہیں ہے اس کا مطلب اگر یہ ہے کہ شوہر آپ کو اپنے ساتھ رکھنا چاہتا ہے اور آپ کے حقوق ادا کرتا ہے تو آپ کو بھی بیوی بن کر ساتھ رہنا چاہئے اور بلاوجہ شرعی کے طلاق یا خلع کا مطالبہ ہرگز نہیں کرنا چاہئے اور ناگواری دور کرنے کی کوشش کرنی چاہئے اور اگر ناپسندیدگی اس بنا پر ہے کہ شوہر نان و نفقہ ادا نہیں کرتا یا اور کوئی شرعی وجہ ہے اور طلاق یا خلع بھی نہیں دیتا تو ایسی صورت میں آپ اپنا معاملہ شرعی پنچایت میں لے جاکر حل کریں۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند