• معاشرت >> طلاق و خلع

    سوال نمبر: 145556

    عنوان: تین طلاق دیدی ہے شوہر کو اس کا اقرار ہے ؟

    سوال: میری محمد آصف سے دوسری شادی ہے، میرے پہلے شوہر کا بیماری کی وجہ سے انتقال ہو گیا تھا اور میرے پہلے شوہر سے دو بچے ہیں اور محمد آصف کی بھی مجھ سے دوسری شادی ہے، کیونکہ ان کی بیوی کا بھی بیماری کی وجہ سے انتقال ہو گیا تھا، ان کا بھی ایک لڑکا ہے، میرا ایک لڑکا محمد آصف سے ہے، ہم دونوں کی شادی کو دو سال ہو چکے ہیں، محمد آصف سے شادی سے پہلے ہی میری بیٹی ”سارا“ کو رکھنے کی بات ہو گئی تھی کیونکہ میری بیٹی اس وقت ڈیڑھ سال کی تھی، شادی کے تین مہینے بعد ہی محمد آصف میری بیٹی سارا کو لے کر مجھ سے لڑائی جھگڑا اور مار پیٹ کرنے لگے اور سارا کو مارنے لگے، وہ کھانا بھی نہیں دیتے تھے، میری ساس سارا کو باندھ کر رکھتی تھی، جس سے کہ کچن (باورچی خانہ) میں میرے پاس نہ جا سکے، محمدآصف واٹس اَیپ پر دوسری عورتوں سے رات میں دو بجے تک آن لائن رہتے تھے اور چیٹنگ (بات چیت) کرتے تھے، اس بات کو لے کر میں نے کئی بار سمجھایا تو غصہ ہو جاتے تھے اور مارپیٹ کرنے لگتے تھے، اور کہتے تھے کہ میں ایسے ہی باتیں کروں گا، اَن پڑھ جاہل عورت تجھے کیا مطلب ہے تجھے رہنا ہے تو اسی طرح رہنا پڑے گا،محمد آصف اسی طرح سے لڑتے جھگڑتے رہتے تھے اور کہتے تھے کہ میں تجھے طلاق دوں گا۔ ۱۷/ فروری ۲۰۱۶ء کو محمدآصف مجھے بنا بتا کرمارنے لگے اور میری بیٹی سارا کو مارنے لگے، محمدآصف مجھے بنا خرچہ کے پیسہ دئیے گھر میں چھوڑ کر جا رہے تھے، میں محمدآصف کو روکنے لگی اور وہ گھر کے اندر آگئے، پھر بولنے لگے کہ لے میں اب تجھے چھوڑ رہا ہوں اور تین بار طلاق کہہ کر چلے گئے، اُس وقت میں چار مہینے کی حمل سے تھی، اس وقت گھر میں کوئی نہیں تھا، پھر مجھے دو مہینہ محمدآصف نے اپنی ماں کے گھر میں رکھا او ربچہ گرانے کی دوائی کھلا دی جس سے میری طبیعت بہت خراب ہوگئی، جس کی وجہ سے میرا اسقاط حمل کروایا دیا۔

    جواب نمبر: 145556

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa ID: 069-090/L=2/1438

     

    اگر واقعی محمد آصف نے آپ کو تین طلاق دیدی ہے شوہر کو اس کا اقرار ہے تو تین طلاق آپ پر واقع ہوگئی اور آپ مغلظہ بائنہ ہوکر اپنے شوہر پر حرام ہو گئیں اور طلاق کے بعد آپ کے شوہر نے حمل ساقط کرایا جب کہ حمل پر ۴/ مہینے گذر چکے تھے تو آپ کی عدت بھی پوری ہو گئی۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند