• عبادات >> طہارت

    سوال نمبر: 160024

    عنوان: ناپاک کپڑوں کو واشنگ مشین میں دھونے کا شرعی طریقہ کیا ہے؟

    سوال: (۱) ناپاکی کسے کہتے ہیں؟ (۲) کپڑے کی ناپاکی کا مطلب کیا ہے؟ (۳) ناپاک کپڑے کو دھونے اور پاک کرنے کا کیا طریقہ ہے؟ (۴) گھروں میں یا مسجد میں جہاں بھی ہو فرش پر جو پتھر لگے ہوئے ہوتے ہیں چاہے وہ سنگِ مرمر کے ہوں یا سنگ خارا کے یا جو بھی ہوں، اس پر پیشاب یا پاخانہ ہو تو اسے صاف اور پاک کرنے کا شریعت میں کیا طریقہ ہے؟ (۵) فرش پر جو پتھر ہوتے ہیں اس پر پیشاب پاخانہ سوکھ جائے تو شرعاً کیا حکم ہے؟ (۶) واشنگ مشین میں کپڑے دھونا کیسا ہے، شرعاً جائز ہے یا ناجائز؟ (۷) ناپاک کپڑوں کو واشنگ مشین میں دھونے کا شرعاً کیا طریقہ ہے؟ مفتی صاحب! ان مسائل کو بالتفصیل بیان فرمائیں تاکہ دو بارہ پوچھنے کا مسئلہ نہ رہے۔ جزاک اللہ

    جواب نمبر: 160024

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa:858-822/H=8/1439

    (۱) پاکی کی ضد کو ناپاکی کہتے ہیں۔

    (۲) جب کپڑے پر نجاست لگ جائے تو وہ ناپاک ہوجاتا ہے کل کپڑے پر لگ جائے تو پورا کپڑا ناپاک ہوجائے گا ورنہ جس حصہ پر نجاست لگے گی وہ حصہ ناپاک ہوگا۔

    (۳) کپڑے سے نجاست زائل ہوجائے اور تین مرتبہ اس کو دھولیں اس طرح کہ ہرمرتبہ اتنا نچوڑدیں کہ قطرے ٹپکنا بند ہوجائیں جب تین مرتبہ اس طرح دھودیں گے تو کپڑا پاک ہوجائے گا۔

    (۴) نجاست دور کرکے تین مرتبہ اس پر پانی بہادیا جائے۔

    (۵) وہ فرش ناپاک ہوجائے گا اچھی طرح نجاست زائل کرکے تین مرتبہ اس پر پانی بہادیں تو وہ پاک ہوجائے گا۔

    (۶) جائز ہے۔

    (۷) بہتر یہ ہے کہ واشنگ مشین میں ڈالنے سے پہلے کپڑوں سے نجاست زائل کردیں پھر مشین میں ڈال کر دھولیں اگر پہلے واشنگ مشین میں ڈال دیئے اور پھر نکال کر تین مرتبہ پاک پانی میں کھنگال لیے اس طرح کہ ہرمرتبہ اتنے نچوڑدیئے کہ پانی کے قطرات نکلنے بند ہوکئے تو بھی کپڑے پاک ہوگئے۔

    (۸) اگر کوئی بات معلوم کرنے کی ضرورت سمجھیں تو پھر معلوم کرلیں (الف) بہشتی زیور (ب) تعلیم الاسلام (ج) علم الفقہ کتابوں کا مطالعہ کرتے رہیں یا علمائے کرام کے پاس بیٹھ کر مسائل معلوم کرتے رہیں۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند