• عبادات >> طہارت

    سوال نمبر: 158080

    عنوان: صرف نماز کے وقت اگر وضو ٹوٹنے کا عارضہ پیش آگیا تو کیا کرے؟

    سوال: حضرت مفتی صاحب! میرا یہ مسئلہ ہے کہ اکثر نماز کے وقت وضو ٹوٹ جاتا ہے۔ مجھے ایک نماز کے لیے دو تین مرتبہ وضو کرنا پڑتا ہے۔ بعض مرتبہ تو وضو ٹوٹ جانے کے بعد بھی نماز پڑھ لیتا ہوں اور بعد میں نماز کی قضا وقت سے پہلے دہرا لیتا ہوں۔ میں ہر نماز سے پہلے حاجت سے فارغ ہوتا ہوں لیکن پتا نہیں جب وضو کرتا ہوں اسی وقت ٹوٹ جاتا ہے۔ میں قرآن بھی اس وجہ سے نہیں پڑھ سکتا۔ اور ہاضمہ کو لے کر پیٹ کی کوئی بیماری بھی نہیں ہے۔ باقی اوقات میں ہوا خارج نہیں ہوتی لیکن جب وضو کرتا ہوں اسی وقت یہ ہوتا ہے۔ مجھے کچھ شیطانیت کا وہم لگتا ہے۔ براہ کرم! میرے لیے کوئی علاج/ تعویذ فرمادیجئے۔ اور نمازوں کے لیے میں کیا کروں؟ زیادہ سے زیادہ کتنی مرتبہ وضو کرسکتا ہوں، ایک نماز کے لیے؟ کوئی مناسب حل بتائیں۔ جزاک اللہ

    جواب نمبر: 158080

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa: 523-445/SN=5/1439

    صورتِ مسئولہ میں نماز تو بہرحال باوضو پڑھنا ضروری ہے، اگر دورانِ نماز وضو ٹوٹ جائے تو آگے نماز جاری نہ رکھیں؛ بلکہ از سر نو وضو کرکے یا تو بنا کرلیں یا پھر شروع سے دوبارہ نماز پڑھیں، یہی بہتر ہے؛ کیونکہ ”بنا“ کے لیے کافی شرطیں ہیں، جن کا لحاظ رکھنا مشکل ہوتا ہے (بناء کی شرطیں بہشتی زیور وغیرہ میں بالتفصیل موجود ہیں) آپ نے اپنی جس حالت کا ذکر کیا ہے یہ شیطان کے مکر کی وجہ سے بھی ہوسکتی ہے، نیز بسا اوقات نماز کی یکسوئی کی وجہ سے بھی اس کا احساس ہوتا ہے، بہرحال آپ پریشان نہ ہوں، کثرت سے استغفار اور لاحول الخ پڑھنے کا معمول رکھیں، ان شاء اللہ یہ کیفیت جاتی رہے گی۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند