• عبادات >> طہارت

    سوال نمبر: 148640

    عنوان: ایسی دوا جس سے تہہ بن جائے اس كو لگاكر وضو كس طرح كریں؟

    سوال: میرے پاؤں کے ناخن میں انفیکشن ہے ۔ ڈاکٹر نے اس کا علاج بتایا جو ایک سال جاری رکھنا ہے ۔ ویسے تو میرے ناخن میں تکلیف نہیں لیکن والدین نے کہا ہے کہ علاج کرو۔علاج کی تفصیل یہ ہے : جوناخن خراب ہے اس پرایک دوا لگانی ہے جس سے ناخن پر تہ (لیئر، فلم) بن جاتی ہے ، نیل پالش کی طرح۔ دو دن کے بعد اس تہ کو اتار کر پھر دوا لگانی ہے اور پھر 2 دن کے بعد یہ دوا کی تہ کو اتار کر نئی دوا لگانی ہے ، اس طرح تقریباً ایک سال۔ مسئلہ وضو اور غسل کا ہے کہ ظاہر ہے کہ ناخن پر پانی بہانا فرض ہے ۔اس مرض کا ایک اور علاج بھی ہے لیکن اس میں بھی یہی مسئلہ ہے ۔ اس علاج کی مدت تقریباً ایک مہینہ ہے ۔ اس میں ناخن پر دوا لگا کر پٹی لگا دینی ہے اور اگلے دن اسے پانی سے دوھ کر پھر پٹی لگا دینی ہے ۔ اس طرح ایک ماہ۔ڈاکٹر کی رائے سے پہلے علاج بہتر ہے ۔ جیسے میں نے شروع میں بتایا کہ مجھے اس انفیکشن کی اس وقت تو تکلیف تو نہیں لیکن آنے والے وقت کا تو پتا نہیں۔ برائے مہربانی ہماری رہنمائی فرمائیے ۔خیراً۔

    جواب نمبر: 148640

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa ID: 625-575/M=5/1438

    مسئلہ تو آپ کو معلوم ہی ہے کہ وضو اور غسل میں ناخن پر پانی بہانا ضروری ہے اب آپ غور فرمالیں کہ علاج کس درجہ ضروری ہے؟ مذکورہ انفیکشن کا جو علاج ڈاکٹر نے بتایا ہے اس کے علاوہ اگر اور کوئی طریقہ علاج نہیں یعنی دوا کھاکر علاج نہ کیا جاسکتا ہو تو لگانے والی دوا کے ذریعہ علاج کرسکتے ہیں، اس میں ڈاکٹر سے اتنا معلوم کرلیں کہ اگر ہرنماز سے پہلے وضو کے وقت اسے چھڑاکر صاف کرلیا کریں اور نماز کے بعد پھر لگالیا کریں تو اتنی دیر لگانے سے کچھ فائدہ ہوسکتا ہے یا نہیں، اگر کچھ بھی مفید ہو تو اسی طریقے پر علاج کریں، اس میں علاج کی مدت لمبی ہو تو برداشت کریں، ورنہ ایک دوسرا حل یہ ہے کہ وضو کے بعد دوا لگاکر خفین (چمڑے کے موزے) پہن لیا کریں اور جب نماز کے لیے وضو کریں تو پیر دھونے کے بجائے خفین پر مسح کرلیا کریں اس صورت میں اس بات کا اطمینان ویقین ہونا چاہیے کہ دوا میں ناپاک چیز شامل نہ ہو، اور مقیم ہونے کی حالت میں مسح کی مدت ایک دن ایک رات ہے اور مسافرہونے کی حالت میں تین دن تین رات ہے اور یہ مدت خفین پہن لینے کے بعد پہلی بار حدث لاحق ہونے کے وقت سے شمار ہوگی۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند