• عبادات >> صوم (روزہ )

    سوال نمبر: 177043

    عنوان: اعتکاف کے دوران گھر والوں کے ساتھ موبائل پہ رابطہ کیا جا سکتاہے؟

    سوال: (۱)اعتکاف کے دوران گھر والوں کے ساتھ موبائل پہ رابطہ کیا جا سکتاہے؟ (۲) اعتکاف کے دوران انٹرنیٹ سے اسلامی بیان اور تلاوت سن سکتے ہیں؟ (۳) اعتکاف کے دوران بندہ تبلیغی بیان اور درس قرآن میں شامل ہوسکتاہے؟ (۴) اعتکاف کے دوران بندہ اپنے بچوں کو مسجد بلاسکتاہے اور اپنے ساتھ بٹھا سکتاہے؟ براہ کرم، جواب دیں۔

    جواب نمبر: 177043

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa : 673-467/SN=07/1441

    (۱) بہ وقت ضرورت رابطہ کیاجا سکتا ہے۔

    (۲) آڈیو کی شکل میں دینی بیانات اور تلاوت سننے کی گنجائش ہے۔

    (۳) شرعی مسجد کی حدود میں رہ کر شامل ہو سکتا ہے ، اس مقصد کے لئے باہر نکلنا درست نہیں ہے۔

    (۴) چھوٹے بچوں (جن سے تلویثِ مسجد یا شور و غل کا اندیشہ ہو) کو تو مسجد میں لانا معتکف اور غیر معتکف ہر ایک کے لئے منع ہے؛ باقی اگر بچے بڑے اور سمجھدار ہیں توانھیں بلا سکتے ہیں اور اپنے ساتھ بیٹھا بھی سکتے ہیں؛ البتہ یہ بات ملحوظ رہے کہ اعتکاف کے اوقات بہت قیمتی ہیں، معتکف کو چاہئے کہ ان اوقات کو ذکر و اذکار ، تلاوت اور نوافل وغیرہ جیسی عبادات میں صرف کرے، دیگر مشاغل (اگرچہ وہ فی نفسہمباح ہوں) میں لگ کر ان (اوقات) کی برکات سے اپنے آپ کو محروم نہ کرے۔ ویکرہ تحریماً صمت إن اعتقد قربة وإلاّ لا ․․․․․․ وتکلم إلاّ بخیر وہو ما لا إثم فیہ ومنہ المباح عند الحاجة إلیہ لا عند عدمہا الخ (درمختار مع الشامی: ۳/۴۴۱، باب الاعتکاف، زکریا)


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند