• عبادات >> صوم (روزہ )

    سوال نمبر: 161169

    عنوان: مسجد میں رمضان كے مہینے میں لوگوں كے لیے سحری كا انتظام كرنا كیسا ہے؟

    سوال: کیا فرماتے ہیں مفتیان کرام مسئلہ ذیل کے بارے میں کہ ہماری مسجد میں رمضان کے مہینے میں لوگو کے لئے سحری کا انتظام کرنا کیسا ہے ؟ اسی طرح غیر رمضان میں لوگوں کو نماز کا شوق دلانے کے لئے کچھ سوکھی کھانے کی اشیاء لوگوں میں تقسیم کرنا کیسا ہے ؟ ان دونوں عمل میں بد نظمی اور گندگی نہ پھیلے اس کا پورا دھیان رکھا جائے تو یہ دوعمل کیسا ہے ؟ کرنے کی اجازت ہے ؟

    جواب نمبر: 161169

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa:869-763/D=9/1439

    (۱) ضرورت مندوں کے لیے خفیةً سحری کا بندو بست کردینا زیادہ بہتر ہے۔

    (۲) جنت کی نعمتوں اور دیدارِ الٰہی کا شوق دلاکر ترغیب دینا بہتر ہے۔

    (۳) جو تجویز آپ نے پیش کی ہے اس سے متعلق چند امور تنقیح طلب ہیں۔

    (الف) کوئی ایک دو شخص اپنی ذاتی رقم سے ایسا کریں یا اس کے لیے چندہ ہوگا؟

    (ب) اگر دو ایک لوگ اپنی ذاتی رقم سے کریں گے تو نام ظاہر کیا جائے گا یا خفیہ رکھا جائے گا؟

    (ج) غربا کو دینا مقصود ہوگا یا امراء اور غرباء سب کو ۔

    (د) کبھی کبھار اتفاقیہ کرلیں گے یا پابندی سے پورے ماہ اور دوسری شکل میں پورے سال؟ اگر چندہ کیا جائے گا تو اس کی کیا صورت ہوگی؟

    (الف) مسجد کے لیے جو چندہ ہوتا ہے یا مسجد کی جو آمدنی ہے اسی میں سے یہ خرچ بھی پورا کیا جائے یا اس کے لیے ایک سے چندہ کیا جائے گا۔

    (ب) چندہ عمومی ہوگا یا خصوصی؟ چندہ میں اصرار یا دباوٴ یا لجاجت کی شکل ہوگی یا ہرشخص کی مرضی پر ہوگا کسی قسم کا دباوٴ اصرار نہ ہوگا۔

    (ج) اپنے چندہ کرنے کی پوری نوعیت واضح کریں نیز تعاون کرنے والوں کے سامنے اپنا پلان اور منصوبہ آپ کس طرح ظاہر کریں گے اسے پوری وضاحت سے صاف لفظوں میں لکھیں۔

    (د) امام صاحب اور متولی مسجد کی اس سلسلے میں کیا رائے ہے؟


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند