• عبادات >> صوم (روزہ )

    سوال نمبر: 153793

    عنوان: روزہ کی حالت میں مشت زنی کرنا اور غسل کرنا

    سوال: (۱) روزہ کی حالت میں اگر کوئی غسل کرتا ہے اور منہ پر پانی ڈالتے ہوئے غرغرہ کرتا ہے اور غلطی سے پانی اس کی حلق سے اتر جاتا ہے تو کیا اس کا روزہ ٹوٹ جائے گا یا نہیں؟ مطلب اگر غلطی سے پانی نگل جائے تو روزہ ٹوٹ جائے گا یا نہیں؟ اگراس کا جواب آپ مجھے یہ دیں کہ واقعی روزہ ٹوٹ جاتا ہے تو کیا جن روزوں میں میں نے غسل کیا ہے اور پانی تھوڑا سا غلطی سے نگل لیا ہے تو کیا اب بھی میں وہ سارے روزے دوبارہ سے رکھوں گا یا نہیں؟ کیونکہ میں نے پانی قصداً نہیں نگلا ہے ۔ (۲) مفتی صاحب! معذرت کے ساتھ دوسرا سوال پوچھ رہا ہوں خفا نہیں ہونا لیکن سوال پوچھنے میں اسلام میں شرم نہیں کرتے۔ تو میں یہ عرض کرنا چاہتا ہوں کہ مفتی صاحب کے گھر کوئی شخص روزہ کی حالت میں مشت زنی کرتا ہے تو کیا اس کا روزہ ٹوٹ جاتا ہے یا نہیں؟ مطلب مجھے اس وقت معلوم نہیں تھا کہ اس سے روزہ ٹوٹ جاتا ہے تو کیا میں پھر بھی یہ روزے رکھوں گا یا نہیں؟ مطلب مفتی صاحب، اگر آپ کہیں کہ ہاں! واقعی روزہ ٹوٹ جاتا ہے تو مجھے وہ سارے روزے رکھنے پڑیں گے یا نہیں؟ آئندہ کے لیے احتیاط کروں گا۔ مفتی صاحب! میں ذرا شکی قسم کا بندہ ہوں پھر ٹیشن مجھے مار دے گا، اس لیے ذرا تفصیل سے بتائیں۔ اور میں نے سنا ہے کہ اگر کوئی گناہ آپ کے علم میں نہ ہو (مثلاً یہ میرے علم میں نہیں تھا کہ روزہ کی حالت میں مشت زنی کرنے سے روزہ ٹوٹ جاتا ہے،یہ تو مجھے ایک دوست نے بتایا، اس لیے میں نے اس سے کہا کہ میں مفتی صاحب سے پوچھتا ہوں) اور آپ سے وہ گناہ ہو جائے تو اسلام میں اس علم سے پہلے کے گناہ آپ کو معاف ہے اور جب علم ہو جائے تو اس کے بعد گناہ کرنے کی سزا ہے۔ باقی آپ سمجھ گئے ہوں گے کہ میں کیسی صورت حال کے بارے میں پوچھ رہا ہوں۔

    جواب نمبر: 153793

    بسم الله الرحمن الرحيم

    Fatwa: 1319-1291/M=11/1438

    (۱) روزہ غرغرہ کرنے سے ا حتیاط کرنی چاہیے، اگر کسی کو یاد ہے کہ وہ روزہ میں ہے اور پھر غسل کرتے ہوئے پانی منھ میں ڈالتا ہے یعنی کلی کرتا ہے اور غلطی سے پانی اس کے حلق کے نیچے چلا جاتا ہے تو اس سے روزہ ٹوٹ جائے گا، جتنے روزوں میں ایسا ہوا ہے اُن کی قضاء لازم ہے، ہاں اگر آدمی کو یاد ہی نہ ہو کہ وہ روزہ میں ہے بالکل نسیان طاری ہوجائے اور پھر بھول کر پانی پی لے تو اس سے روزہ نہیں ٹوٹتا؛ لیکن مسئولہ صورت نسیان کی نہیں ہے؛ بلکہ خطا اور چوک کی ہے اور اس کا حکم اوپر لکھا گیا کہ روزہ ٹوٹ جاتا ہے قضاء لازم ہے۔

    (۲) مشت زنی کے عمل سے اگر انزال ہوجائے تو اس سے بھی روزہ ٹوٹ جاتا ہے اگر پہلے سے مسئلہ معلوم نہیں تھا تب بھی یہی حکم ہے اس لیے جتنے روزے مشت زنی کی وجہ سے ٹوٹ گئے ہیں ان سب کی قضا لازم ہے اور آئندہ اس گناہ سے احتراز بھی ضروری ہے۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند