• عبادات >> صلاة (نماز)

    سوال نمبر: 8405

    عنوان:

    میرا پہلا سوال یہ ہے کہ مجھے میرے ایک عزیز نے جمعة الوداع کو فون کیا کہ جمعة الوداع کوچار رکعت کی نیت کرکے ہر رکعت میں سات دفعہ آیة الکرسی اور سات دفعہ سورہ کوثر پڑھ لیں تمام عمر کی قضا نمازوں کا کفارہ ہوجائے گا؟ کیا یہ درست ہے؟ (۲) میرا دوسرا سوال تصویر کے بارے میں ہے۔ کس حد تک جائز ہے؟ تصویر اور عکس میں کیا فرق ہے؟ کیا دونوں کے لیے ایک ہی حکم ہے؟

    سوال:

    جواب نمبر: 8405

    بسم الله الرحمن الرحيم

    فتوی: 1328=179/ل

    (۱) شریعت میں اس نماز کی کوئی اصل نہیں اور نہ ہی یہ نماز قضاء شدہ نمازوں کا کفارہ ہوگا بلکہ جتنی نمازیں آدمی سے قضاء ہوئی ہیں، ان کا ادا کرنا ضروری ہے، بغیر اس کے وہ نمازوں سے بری الذمہ نہیں ہوسکتا۔

    (۲) تصویر کھنچوانا بغیر سخت مجبوری کے ناجائز ہے، حدیث شریف میں اس پر سخت وعید آئی ہے، البتہ اکر ایسی مجبوری ہو جس کے بغیر چارہ نہ ہو، جیسے پاسپورٹ بنوانا ہو یا شناختی کارڈ کی ضرورت ہو تو ان حالات میں الضرورات تبیح المحظورات کے پیش نظر اس کی گنجائش ہوگی۔

    (۳) عکس میں پائیداری نہیں ہوتی بلکہ وہ صاحب عکس کے تابع ہوتا ہے، جب تک وہ شخص آئینہ وغیرہ کے سامنے کھڑا ہوگا اسی وقت تک اس کا عکس بھی آئینہ میں نظر آئے گا، لیکن جیسے ہی وہ اس سے جدا ہوگا اس کا عکس بھی ختم ہوجائے گا، اس کے بالمقابل تصویر میں پائیداری ہوتی ہے، اور وہ صاحب تصویر کے تابع نہیں ہوتا، بلکہ اس کے جدا ہونے پر بھی وہ باقی رہتا ہے۔ اگر آدمی کا عکس کسی چیز میں آجائے تو اس میں کوئی قباحت نہیں،البتہ اس کو تصویر کی شکل دینا جس سے وہ پائیدار ہوجائے ناجائز ہوگا۔

    واللہ تعالیٰ اعلم

    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند