• عبادات >> صلاة (نماز)

    سوال نمبر: 6363

    عنوان:

    مجھے تہجد کی نماز کا صحیح وقت بتادیں۔ کیا اس کا وقت فجر کی اذان کے آدھا گھنٹہ یا ایک گھنٹہ پہلے شروع ہوتا ہے؟

    سوال:

    مجھے تہجد کی نماز کا صحیح وقت بتادیں۔ کیا اس کا وقت فجر کی اذان کے آدھا گھنٹہ یا ایک گھنٹہ پہلے شروع ہوتا ہے؟

    جواب نمبر: 6363

    بسم الله الرحمن الرحيم

    فتوی: 582=582/ م

     

    نماز تہجد کا وقت، نماز عشاء کے بعد سے فجر کا وقت شروع ہونے سے پہلے تک ہے، چنانچہ اگر کوئی شخص سونے سے پہلے بھی چند رکعتیں تہجد کی نیت سے پڑھ لے، تو تہجد ادا ہوجائے گی، البتہ سوکر اٹھنے کے بعد تہجد پڑھنا زیادہ افضل ہے کہ یہی رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا معمول مبارک تھا، طبرانی کی ایک روایت میں حضرت حجاج ابن عمرو کا قول نقل کیا گیا ہے کہ تہجد وہ نماز جس کو آدمی نیند کے بعد ادا کرے: إنما التہجد المرء یُصلي الصلاة بعد رقدة (کنز العمال) فقہاء نے لکھا ہے کہ جس شخص کا معمول آدھی رات سونے اور آدھی رات عبادت کرنے کا ہو، اس کے لیے افضل طریقہ یہ ہے کہ رات کے آخری حصہ میں نماز تہجد ادا کرے، مثلاً فجر کا وقت (صبح صادق) شروع ہونے سے گھنٹہ، پون گھنٹہ پہلے۔ اور جس کا معمول ایک تہائی عبادت کرنے اور دو تہائی سونے کا ہو، اس کے لیے بہتر ہے کہ ایک تہائی حصہ سونے کے بعد درمیانی حصہ میں نماز تہجد ادا کرے: لو جعلہ أثلاثًا فالأوسط أفضل ولو أنصافًا فالأخیر أفضل۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند