• عقائد و ایمانیات >> دعوت و تبلیغ

    سوال نمبر: 2483

    عنوان: جماعت میں جائیں تو تراویح میں چھوٹا ہوا قرآن کس طرح پورا کریں؟

    سوال:

    میں جانناچاہتا ہوں کہ تراویح میں دوسنت ہیں، ایک پورے رمضان میں پڑھنااور دوسری پوراقرآن سننا۔ ہرمہینہ تین دن کے لیے ہم جماعت میں جاتے ہیں۔ اب اگر ہم شہرکے ایک دوسری مسجد میں جائیں تو ہرمسجد میں روزانہ کے حساب سے مختلف پارے پڑھے جاتے ہیں، اس لیے دوسری سنت پوری نہیں ہوپاتی ہے چونکہ ہم ایک مسجد سے دوسری مسجد جاتے رہتے ہیں، کیا میں رمضان میں تین دن کے لیے جماعت میں جاؤں یااسے ترک کردوں؟ یا میں اسی مسجد میں واپس آجاؤں جہاں میں نے تراویح شروع کردی ہے یا اسی مسجدمیں پڑھوں جہاں جاؤں؟ براہ کرم، جواب دیں۔

    جواب نمبر: 2483

    بسم الله الرحمن الرحيم

    فتوی: 706/ ل= 693/ ل

     

    جماعت میں آپ جائیں، جانا ترک نہ کریں، البتہ اگر کوئی حافظ آپ کو مل جائے جو ختم قرآن کے بعد آپ کے چھوٹے ہوئے پاروں کو تراویح میں سنادے تو آپ اس طرح بھی کرسکتے ہیں، اس کی صورت یہ ہوکہ آپ دونوں عشاء کی نماز باجماعت پڑھ کر کسی جگہ یا اپنے گھر چلے جائیں اور وہ حافظ صاحب آپ کو وہاں تراویح میں چھوٹے ہوئے قرآن کو سنادیں، اس طرح آپ کا قرآن مکمل ہوجائے گا اور اگر یہ شکل ہوسکے کہ جماعت میں کسی قریب جگہ جائیں اور عشاء کی نماز اور تراویح اپنی مسجد میں آکر ادا کریں تو ایسا بھی کرسکتے ہیں۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند