• عبادات >> صلاة (نماز)

    سوال نمبر: 19712

    عنوان:

    مجھے معلوم کرنا تھا کہ مغرب کی نماز کا وقت کب تک رہتا ہے اور عصر کی نماز کا وقت کب سے شروع ہوتا ہے، کب تک رہتاہے؟

    سوال:

    مجھے معلوم کرنا تھا کہ مغرب کی نماز کا وقت کب تک رہتا ہے اور عصر کی نماز کا وقت کب سے شروع ہوتا ہے، کب تک رہتاہے؟

    جواب نمبر: 19712

    بسم الله الرحمن الرحيم

    فتوی(ھ): 420=343-3/1431

     

    آفتاب غروب ہوجانے کے بعد آسمان میں سرخی پچھم کی سمت میں ہوتی ہے، اُس کو شفق احمر کہتے ہیں، وہ ختم ہوتی ہے تو اس کی جگہ سفیدی آتی ہے، اس کو شفق ابیض کہتے ہیں، پھر کچھ دیر بعد وہ بھی غائب ہوجاتی ہے، نماز مغرب کا وقت آفتاب کے غروب ہونے سے لے کر شفق ابیض کے غائب ہونے تک رہتا ہے۔

    (۲) ٹھیک زوال کے وقت ہرچیز کا جو سایہ ہوتا ہے، وہ سایہ اصلی کہلاتا ہے جب سورج سمت مغرب میں ڈھلے گا تو یہ سایہ بڑھتا رہے گا، بڑھتے بڑھتے اُس چیز کے دو مثل (علاوہ سایہ اصلی کی مقدارکے) جب سایہ ہوجائے تو عصر کا وقت شروع ہوتا ہے اور اصفرار شمس ہونے پر مکروہ ہوجاتا ہے، پس عصر کی نماز اصفرار (دھوپ کا پیلی اور کمزور ہوجانا) سے اتنی دیر پہلے اداء کرلی جائے کہ اگر نماز فاسد ہوجائے تو اصفرارِ شمس سے پہلے دوبارہ پڑھ لی جائے، اگر اس کے بعد پڑھی تو غروبِ آفتاب تک اگرچہ اداء ہی ہوگی مگر مکروہ ہے، یعنی غروبِ آفتاب سے پہلے پہلے تکبیر تحریمہ کہہ لی تو اداء ہی کا حکم عصر پر لاگو ہوگا۔


    واللہ تعالیٰ اعلم


    دارالافتاء،
    دارالعلوم دیوبند